شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) سعودی عرب سے واپس آئے محنت کش کو اس کی بیوی نے اپنی بہن سے مل کر اپنے آشنا کے ہاتھوں ذبح کروا دیا اور خود خاوند کے قتل کو ڈکیتی کا وقوعہ بنانے کی خاطر اپنے ہاتھ دوپٹہ سے باندھ کر نعش کے قریب بیٹھ گئی تفصیلات کے مطابق آرائیانوالہ روڈ کی آبادی کا رہائشی شیخ محمد سلیم گزشتہ رات ہی سعودی عرب سے واپس آیا تھا اپنے خون پسینہ کی کمائی کے پچاس ہزار ریال، بیس تولے سونا، تین قیمتی موبائل سمیت متعدد قیمتی اشیا ساتھ لے کر آیا تھا جو گھر سے غائب پائی گئی ہیں سٹی اے ڈویژن پولیس نے مقتول شیخ محمد سلیم کے بھائی محمد رفیع کی رپورٹ پر مقتول کی بیوی سمیرا اس کی بیوہ بہن ماریہ بی بی اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ بیوی سمیرا بی بی اور ماریہ بی بی کی شادی شیخ محمد سلیم اور اس کے بھائی سے ہوئی تھی ماریہ کا خاوند بھی کچھ عرصہ قبل قتل ہو گیا تھا شیخ سلیم 6 برس سے سعودی عرب میں محنت مزدوری کر رہا تھا گزشتہ رات ہی سعودی عرب سے تقریباً دو برس کے بعد آیا تھا پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل کی تفتیش تمام پہلوﺅں سے کی جائے گی۔
شیخوپورہ: سعودی عرب پلٹ محنت کش کو بیوی نے قتل کرا دیا
Mar 04, 2013