خیبر ایجنسی : ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکہ‘ فائرنگ‘2 اہلکار جاں بحق 8 زخمی

خیبر ایجنسی (اے این این) خیبر ایجنسی کے علاقے لنڈی کوتل میں ایف سی کے قافلے پر بم حملہ، 2اہلکار جاں بحق، 8زخمی ہو گئے، دھماکے سے ایف سی کی ایک گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ، 2کو شدید نقصان پہنچا، واقعہ کے بعد ایف سی اور خاصہ دار فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، کالعدم تحریک طالبان نے واقعہ سے اظہار لاتعلقی ظاہر کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کے علاقے سدوخیل میں پاک افغان شاہراہ پر ایف سی کے قافلے پر بم حملہ کیا گیا، ایف سی کی گاڑی لنڈی کوتل سے جمرود جارہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ خیبر ایجنسی کے علاقے لنڈی کوتل کے قریب دریا خان کلی کے مقام پر ہوا۔ سڑک پر نصب بم اس وقت پھٹا جب ایف سی کی گاڑی گزر رہی تھی۔دھماکے کے بعد دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ دھماکے کے بعد ایف سی اور خاصہ دار فورس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔واقعہ کے بعد پاک افغان شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کےلئے بند کر دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔دھماکے کے بعد خیبر ایجنسی کے گردو نواح کے نجی اور سرکاری سکول بند کر دیئے گئے۔دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان نے واقعہ سے اظہار لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔

ای پیپر دی نیشن