اسلام آباد (آن لائن+ اے این این) مذاکراتی کمیٹی کے ارکان پروفیسر ابراہیم اور مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ¿ اسلام آباد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، تیسری اور چوتھی قوتیں ملک میں امن نہیں چاہتیں، طالبان معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرینگے، ایسا کیاگیا تو شریعت کی خلاف ورزی ہوگی۔ اسلام آباد سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم نے کہاکہ امن دشمن عناصر ملک میں امن نہیں چاہتے یہ کارروائی انہی عناصر کی ہے۔ مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ جس انداز میں جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے اس سے قوی امید ہے کہ مذاکرات کامیاب ہونگے، پہلے قدم پر جنگ بندی ہوچکی ہے اگلے دنوں میں دونوں اطراف سے اس معاہدے کی پاسداری ہوگی۔ طالبان اس واقعہ سے لاتعلقی کا اظہار کرچکے ہیں۔ طالبان نے واضح کیاہے کہ وہ کسی صورت جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کرینگے کیونکہ اگر ایسا کیاگیا تو یہ شریعت کی خلاف ورزی ہوگی۔ ملک میں بہت سی قوتیں جو مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔ یہ کوئی تیسری او رچوتھی قوتیں ہیں اب ان خفیہ ہاتھوں کو تلاش کرنا ہوگا تاکہ ملک میں پائیدار امن کے قیام کےلئے آگے بڑھا جاسکے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ کچہری دھماکے میں طالبان ملوث ہوئے توان پر لعنت بھیج کر مذاکرات سے الگ ہوجاو¿نگا، امید ہے طالبان ملوث نہیں ہونگے، واقعہ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے۔ اسلام آباد سیکٹر ایف ایٹ کے ضلع کچہری میں خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ یہ حملہ جس نے بھی کیا وہ درندے انسانیت کے مجرم ہیں، اس حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے اسکی تحقیقات ہونی چاہئے۔