جھنگ :پی پی 81 جھنگ میں ضمنی انتخابات، مسلم لیگ (ن) کے محمد خان بلوچ کامیاب

Mar 04, 2014

جھنگ  (نامہ نگار) جھنگ کے حلقہ پی پی 81کے ضمنی انتخاب میں غیرسرکاری و غیرحتمی نتیجہ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے محمد خان بلوچ 51 ہزار 251 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے جبکہ انکے مدمقابل تحریک انصاف کے تیمور حیات بھٹی 45 ہزار 629 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ اسکے علاوہ لانگ شمالی پولنگ سٹیشن نمبر98 میں اسسٹنٹ پزیذائیڈنگ آفیسر سے مہر لگے بیلٹ پیپر برآمد ہونے کے بعد اس پولنگ سٹیشن کا رزلٹ روکدیا گیا ہے اور اس رزلٹ کو سیل کر کے ریٹرننگ آفیسر کو بھجوا دیا گیا ہے۔ پولنگ صبح آٹھ بجے سے شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ موسم خراب ہونے کے باعث ٹرن آئوٹ بہت کم رہا اور اِکا دکا لوگ پولنگ میں آتے رہے اور بعض پولنگ سٹیشنز پر معمولی لڑائی جھگڑوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ پولنگ سٹیشن نمبر 73 پر پی ٹی آئی کے امیدوار رائے تیمور بھٹی نے الزام لگایا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن سے باہر نکال دیا گیا۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور منڈی شاہ جیونہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اِکا دُکا واقعات کے علاوہ پولنگ کا عمل تسلی بخش رہا۔ خصوصی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد خان بلوچ کی پی پی 81 جھنگ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی عوام کا مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ کامیابی حاصل کرنے والے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار اپنے حلقے کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ کے متوالے غیرسرکاری نتائج آتے ہی خوشی سے دیوانے ہو گئے۔ مٹھائی تقسیم کی گئی اور خوب بھنگڑے ڈالے گئے۔سرگودہا  سے نامہ نگار کے مطابق  سرگودہا پولیس نے ضلع جھنگ کے ضمنی الیکشن میں امن عامہ خراب کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس کے مطابق پی ٹی آئی سرگودہاکے ضلعی صدر کی گاڑی میں سوار تین افراد سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ اطلاع پر شاہ نکڈر پولیس سٹیشن نے علاقہ جھامرہ میں اس گاڑی کو روک کر تلاشی لی تو گاڑی میں سوار خرم شہزاد، عثمان اور بشیر احمد سے اسلحہ برآمد ہو گیا، ملزموں کو گرفتار کرکے  گاڑی کے مالک ضلعی صدر پی ٹی آئی سرگودہا  اور گرفتار ملزما ن کے خلاف  مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مزیدخبریں