لاس اینجلس (ایجنسیاں) ہالی وڈ کی معروف ترین ایوارڈز تقریب آسکرز میں جہاں تاریخی فلم ’12 ایئرز اے سلیو‘ بہترین فلم قرار پائی تو وہیں خلائی فلم ’گریویٹی‘ کو سب سے زیادہ انعامات ملے۔ آسکرز ایوارڈز کی تقریب امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد کی گئی جہاں گریوٹی، امریکن ہسّل اور 12 ایئرز اے سلیو بہترین فلم کے انعام کے لئے مقابلے میں تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ کئی برسوں کی نسبت اس سال ’بہترین فلم‘ کی دوڑ میں مقابلہ بہت سخت تھا۔ فلم گریویٹی کے لئے الفونسو کوارون کو بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ملا۔ یہ اس فلم کے لئے چھٹا انعام تھا۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم ’بلو جیز مِن‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ کیٹ بلانچٹ کو ملا ہے جبکہ بہترین اداکار کا انعام فلم ’ڈیلس بائرز کلب‘ میں اداکاری کے لئے میتھیو میک کوناگھی کو دیا گیا۔ واضح رہے کہ مسلسل دوسری بار بہترین فلم اور بہترین اداکار کے ایوارڈز علیحدہ علیحدہ فلموں کو ملے ہیں۔گریویٹی کو کل دس نامزدگیوں میں سات میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، جن میں بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔ ہدایت کار الفانسو نے اپنی فلم گریویٹی کی کامیابی کا سہرا اداکارہ سانڈرا بولک کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ان کی فلم کی جان وہی تھیں۔ بہترین معاون اداکار کے لئے فلم ’ڈیلس بائرز کلب‘ کے جیرڈ لیٹو نے انعام جیتا جبکہ بہترین اینی میٹڈ فلم کا اعزاز ’فروزن‘ نے حاصل کیا۔ بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ نئی اداکارہ لوپیٹا نیونگو کو 12 ایئرز اے سلیو میں کردار پر ملا ہے۔ یہ آسکر ایوارڈز کی 86 ویں تقریب تھی اور اسے لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی مزاحیہ فنکار ایلن ڈی جینیرس نے کی۔ فلم گریویٹی خلائی سفر کے بارے میں ہے اور اسے تھری ڈی میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔ باکس آفس میں گریویٹی اس سال کی کامیاب ترین فلم رہی ہے۔ بہترین فلم کے اعزاز سے سرفراز فلم 12 ایئرز اے سلیو کے ہدایت کار سٹیو میک کوین نے اس فلم کی کامیابی ان لوگوں کے نام معنون کی ہے جنہوں نے غلامی کی زندگی گزاری ہے۔ مجموعی طور پر ’گریویٹی‘ کو سات، فلم ’12 ایئرز اے سلیو‘ اور ’ڈیلس بائرز کلب‘ کو تین تین ایوارڈز ملے جبکہ ’فروزن‘ اور ’گریٹ گیٹسبی کو دو دو اور ’بلو جیز مِن‘ اور ’ہر‘ کو ایک ایک انعامات ملے۔ اس سال غیر ملکی فلموں کی فہرست میں عمر نامی ایک فلسطینی فلم بھی نامزد ہوئی تھی لیکن بازی اطالوی فلم ’دا گریٹ بیوٹی‘ کے ہاتھوں میں رہی۔ تقریب کی دلچسپ بات میزبان ایلن ڈی جینرس کی تصویر تھی۔ اس تصویر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹیوٹر پر 20 لاکھ سے زائد افراد نے شیئر کیا جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ ہالی وڈ کی نامور شخصیات کے جھرمٹ میں موجود ایلن کی یہ تصویر انکے ایک ساتھی نے کھینچی اور اسے ٹویٹر پر شیئر کیا۔ اس تصویر نے 2012ء کے انتخابات میں صدر باراک اوباما کی دوبارہ کامیابی کے بعد ٹویٹر پر شیئر کی جانیوالی تصاویر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ امریکی صدر کی اس تصویر کو 7 لاکھ 80 ہزار افراد نے شیئر کیا تھا۔ اس تصویر میں ایلن ڈی جینرس، براڈلی کوپر اور نظر آنیوالی دیگر شخصیات کے گروپ نے مشترکہ طور پر 11 آسکر ایوارڈز جیتے ہیں۔ بیک وقت اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے ٹویٹر استعمال کرنے کی وجہ سے کمپنی کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور آدھا گھنٹے تک سروس وقتاً فوقتاً معطل ہوتی رہی۔
میتھیو میک کوناگھی بہترین اداکار، کیٹ بلانچٹ نے بہترین اداکارہ کے آسکر ایوارڈز جیت لئے
Mar 04, 2014