کراچی : امن کا قیام‘ معیشت کی بحالی اولین ترجیح ہے : صدر ممنون

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کا قیام اور معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کراچی کے حالات ٹھیک کئے بغیر ملک کی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی ،کراچی کے حالات کو ٹھیک کرنے میں مقامی سیاسی مصلحتیں رکاوٹیں بنتی ہیں لیکن وزیراعظم محمد نوازشریف کراچی میں امن کے قیام کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان کے حالات کی خرابی کی بڑی وجہ جمہوری راستہ سے بار بار ہٹایا جانا بھی ہے، چین کا حالیہ دورہ توقعات سے زیادہ کامیاب رہا اور چین پاکستان میں مختلف منصوبوں میں 30 ارب ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحاٖفیوں سے کراچی سٹیٹ گیسٹ ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر نے کہا کہ کراچی کے حالات پر گورنر سندھ عشرت العباد سے بات چیت ہوئی ہے اور آج منگل کو وزیراعلیٰ سے بھی بات کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں امن و امان کا قیام اور معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کراچی کے حالات ٹھیک کئے بغیر ملک کی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا اگر پولیس اور قانون نافذکرنے والے ادارے متحرک ہوتے تو کراچی میں 500 سے زائد کچی بستیاں قائم نہ ہوتیں جن میں سے بیشتر آج دہشت گردوں کی آماجگا ہیں بنی ہوئی ہیں۔ صدر نے اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دورہ بہت کامیاب رہا اور چین پاکستان کے اندر مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کریگا۔ چین مزید تین ایٹمی بجلی گھر تعمیر کریگا، چینی سرمایہ کاروں اور کارکنوں کی حفاظت کیلئے خصوصی فورس کی پیشکش ہے۔ دہشت گردی اور علیحدگی پسندی سے نمٹنے کیلئے چین پاکستان کی مدد کریگا۔ کاشغر، گوادر ریلوے ٹریک کے اہم فیز کو فاسٹ ٹریک پر ڈال دیا گیا ہے۔ چین نے جے ایف تھنڈر طیارے، الخالد ٹینک اپنے سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ قبل ازیں بحریہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ناخواندگی ملک کی سماجی واقتصادی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ بیرون ملک اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد دیہی علاقوں میں خدمات انجام دیں۔ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پاکستان بحریہ ملک کی سمندری حدود کے تحفظ اور دفاع سمیت تعلیم کے فروغ کے لئے تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلی معیار کا تعلیمی ادارہ قائم کرنے پر پاک بحریہ کے سربراہ کو مبارکباد دی۔ صدر ممنون حسین نے کالج سے پہلی ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبا کو بھی مبارکباد دی۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ اور بحریہ یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر ایڈمرل آصف سندھیلہ بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...