”عمران خان ارکان پارلیمنٹ پر خریدوفروخت کا الزام لگا کر اسمبلی کی توہین کر رہے ہیں“

Mar 04, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یوآئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ خریدو فروخت خیبر پی کے کی اسمبلی میں خود پی ٹی آئی کر رہی ہے اور کپتان الزام جے یوآئی پر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل تک وزیراعظم کا استعفی مانگنے والے آج 22 ویں ترمیم کے لیے منت سماجت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپتان کو اپنے ممبران پر اعتماد نہیں ان کے لوگ ہی خریدوفروخت کرنے میں مصروف ہیں اب وہ انہیں منظر عام پر لائیں۔ حافظ حسین احمدنے کہا کہ عمران خان نے ارکان اسمبلی پر خرید وفرخت کا الزام لگا کر پوری اسمبلی کی توہین کر رہے ہیں۔ دریں اثنا جے یوآئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے یو آئی کسی ایک جماعت یا کسی ایک فرد کے لیے کسی بھی ترمیم کی حمایت نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کڑوا تھو تھو اور میٹھا ہپ ہپ سبق اچھی طرح یاد کیا ہوا ہے۔

مزیدخبریں