لاہور +سیالکوٹ (خصوصی نامہ نگار+ اپنے نامہ نگار سے + نامہ نگار) ممتاز قادری کے ایصال ثواب کیلئے گزشتہ روز داتا دربار میں قل خوانی ہوئی جس کے باعث میٹرو بس سروس جزوی طور پر معطل رہی، مسجد داتا دربار میں نماز ظہر کے بعد شروع ہونے والی قرآن خوانی نماز عصر تک جاری رہی جبکہ دینی جماعتیں آج ملک بھر میں مظاہرے کرینگی اور جلوس نکالے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق میٹرو بس سروس گذشتہ روز صبح 6 بجے شروع کی گئی لیکن 9 بجے بس سروس بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ گجومتہ اور شاہدرہ سٹیشن سے صبح سوا 9 بجے آخری بس روانہ ہوئی اور اس طرح صبح 10 بجے تک میٹرو ٹریک بسوں سے خالی ہو گیا اور بسوں کو گجومتہ بس ڈپو منتقل کردیا گیا اس کے بعد شام 5 بجے بس سروس دوبارہ بحال کر دی گئی۔ داتا دربار میں ممتاز قادری کے ایصال ثواب کے لئے قل خوانی کے باعث میٹرو بس سروس معطل کی گئی۔ آج 4 مارچ کو جمعۃ المبارک کے باعث بھی میٹرو سروس کو کچھ گھنٹوں کے لئے سکیورٹی خدشات کے لئے بند کئے جانے کا امکان ہے۔ تاہم گذشتہ روز رات گئے تک میٹرو بس سروس کو بند کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ میٹرو سروس کی بندش کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنے روزگار تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروس 2 دن کے لئے بند کی گئی ہے تاہم میٹرو بس سروس کے ترجمان جی ایم آپریشن سید عزیر شاہ نے کہا کہ آج میٹرو بس سروس معمول کے مطابق چلے گی۔ سیالکوٹ میں ممتاز قادری کی غائبانہ نماز جنازہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت ضلع کچہری میں ادا کی گئی۔ غائبانہ نماز جنازہ سابق صدر ڈسٹرکٹ جاویداقبال مغل ایڈووکیٹ نے پڑھائی، غائبانہ نماز جنازہ سے قبل ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کا جنرل اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر جمعرات کو مکمل طور پر عدالتوں کے بائیکاٹ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ممتاز قادری کے ایصا ل ثواب کے لیے مسجد داتا دربار میں قرآن خوانی نماز ظہر کے بعد سے شروع ہو کر نماز عصر تک جاری رہی، جس میں ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ،محمد شاداب رضا نقشبندی، مفتی محمد رمضان سیا لوی ،قا ضی محمود احمد اعوان ، پیر ظہیرا لحسن شاہ، علامہ سیف اللہ نقشبندی سمیت دیگر علماء ومشائخ نے کثیر تعداد میں شر کت کی۔ مزید برآں پاکستان سنی تحریک کے ترجمان شیخ محمد نواز قادری کے مطابق آج جمعۃ المبارک ملک بھر میں یومِ وفائے رسول کے طور پر منایا جائے گا اور جلوس، سیمینارز منعقد ہوں گے جبکہ بڑی ریلی داتا دربار سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی ہال تک نکالی جائے گی۔ علاوہ ازیں تحریک لبیک یارسول اللہؐکی طرف سے آج احتجاج کیا جائیگا اور ممتاز قادری کی روح کو ایصال ثواب کیا جائے گا۔ ورلڈ پاسبان ختم نبوت بھی آج ملک گیر مظاہرے کرے گی اور مختلف شہروں میں بعد نماز جمعۃ المبارک مساجد کے باہر جلوس نکالے جائینگے جس سے علامہ محمد ممتاز اعوان اور دیگر رہنما خطاب کرینگے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ غازی ممتاز حسین قادری کی تدفین کی نسبت سے قوم ہر سال یکم مارچ کو ’’یوم تحفظ ناموس رسالت‘‘ کے طور پر منائے گی اور ملک میں تحفظ ناموس رسالت کیلئے آئینی و قانونی جدوجہد کی جائے گی۔ نماز جنازہ میں اندرون اور بیرون ملک سے لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کرکے نبی مہربان حضرت محمد ﷺ کے ساتھ اپنے گہرے عشق و محبت کا ثبوت دیا ہے۔ حکمران اپنے مغربی آقائوں کو خوش کرنے کیلئے لبرل ازم اور سیکولر ازم کی باتیں کررہے ہیں مگر ملک کے 20کروڑ عوام ملک کی اسلامی شناخت کو قائم رکھنے کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غازی ممتاز حسین قادری کی رہائش گاہ پر منعقدہ دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مٹھی بھر سیکولر اور بے دین قوتوں کی خواہش پر 20کروڑ عوام سے دشمنی مول لے رہے ہیں ۔ناموس رسالت کے قانون میں ترمیم کی کوئی کوشش کی گئی تو قوم اسے تسلیم نہیں کرے گی۔ مزید برآں ملی یکجہتی کونسل پنجاب کا اجلاس منصورہ میں صوبائی صدرڈاکٹر سید وسیم اختر کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں میاں مقصود احمد، سردار محمد خان لغاری، مولانا حسین احمد اعوان، مولانا مختار خان سواتی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ مرکزملی یکجہتی کونسل کے فیصلے کے مطابق آج ملک بھر میں نمازجمعہ کے بعد مساجد کے باہر مظاہرے کیے جائیں گے۔ اجلاس میں مزید کہاگیا کہ پنجاب اسمبلی میں حقوق نسواں کے حوالے سے جو بل پاس کیا گیا ہے وہ نہ صرف قرآن وسنت کے منافی ہے بلکہ آئین پاکستان کے بھی خلاف ہے۔ علاوہ ازیں ختم نبوت لائرز فورم کی جانب سے ممتاز قادری کی غائبانہ نماز جنازہ آج 11 بجے دن لاہور ہائیکورٹ میں ادا کی جائے گی۔ جس میں وکلاء بڑی تعداد شرکت کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے بھی آج یوم احتجاج اور سوگ منانے کا اعلان کیا ہے اور جمعیۃ علماء اسلام اور دیگر تمام دینی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ خطبات جمعہ میں ممتاز قادری کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔