راولپنڈی (آئی این پی+ صباح نیوز) راولپنڈی کے علاقے ڈھوک حسو کے قریب نالے میں گری کار نکالتے ہوئے کرین بجلی کے تار سے ٹکرا گئی، کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک حسو کے قریب آئی جے پی روڈ پر کار حادثے کے بعد نالے میں گر گئی جسے نکالنے کیلئے کرین منگوائی گئی۔ امدادی کارروائی کے دوران کرین بجلی کے ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائن سے ٹکرا گئی۔ کرنٹ لگنے سے دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ تین کو تشویشناک حالت میں قریب واقع ریلوے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں دوران علاج مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محسن، طارق اور نور ضیا کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ کرین کے ڈرائیور کی غلطی کا نتیجہ ہے جسے بجلی کے تار کی اونچائی کا اندازہ نہ ہوسکا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔