جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی دل و جان سے عزیز ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی اویس احمد لغاری نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی دل و جان سے عزیز ہے اور پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے وسائل مہیا کئے ہیں۔ ملتان میں عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اوریہ منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔ دانش سکولز جیسے علم و دانش کے گہوارے بھی جنوبی پنجاب میں ہی قائم کئے گئے ہیں۔ بہاولپور میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔ ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کیلئے 10 فیصد زیادہ کوٹہ رکھا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب کے بڑے شہروں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے خوبصورت بنانے کے حوالے سے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ درخت ، پودے اور پھول آلودگی کے خاتمے کے ساتھ شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ بھی کرتے ہیں۔ شجرکاری مہم کے تحت پودے لگانے کے ساتھ ان کی دیکھ بھال بھی ضروری ہے اوراس مقصد کیلئے موثر اقدامات ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہارٹیکلچر کے تربیتی ادارے کے قیام کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کی جائیںاور شہروں میں مردوں اور خواتین کیلئے سوئمنگ پولز بنانے کا جائزہ لیا جائے اور رواں ماہ شجرکاری مہم بھرپور انداز سے چلائی جائے۔ ہربنس پورہ سے جلو تک 7 پکنک پوائنٹس بنائے جائیں گے اوران پکنک پوائنٹس میں بچوں کی تفریح کیلئے پلے ایریاز بھی بنیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ایک اور اجلاس میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ سے ہڈیارہ ڈرین تک سڑک کشادہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا جس کے تحت اس اہم سڑک کو 4 لین تک کشادہ کیا جائے گا۔ انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل سے پنجاب میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن