یمن امریکی ڈرون حملے کمانڈر ابو الخیر المصری سمیت7 ارکان ہلاک

صنعاء(آئی این پی)دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ نے یمن میں کولیشن فورسز کے ڈرون حملے میں ایک اعلی کمانڈر ابو الخیر المصری کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق القاعدہ نے یمن میں کولیشن فورسز کے ڈرون حملے میں ایک اعلی کمانڈر ابو الخیر المصری کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے ۔ ابوالخیر المصری القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کے داماد تھے اور کہا جاتا ہے کہ وہ اس دہشت گرد نیٹ ورک کے موجودہ سربراہ ایمن الظواہری کے نائب بھی تھے۔ ایک امریکی اہلکار نے اسی ہفتے کہا تھا کہ شمالی شام میں ادلب شہر میں کیے گئے ایک امریکی فضائی حملے میں المصری مارا گیا ہے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق المصری ادلب کے مسطومہ نامی مقام پر 26فروری کو کیے گئے حملے میں ہلاک ہوا۔59 سالہ ابو الخیر المصری کو اس وقت میزائل سے نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی ایک چھوٹی گاڑی میں جارہا تھا۔ ابو الخیر کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ اسامہ بن لادن کے ساتھ افغانستان میں شانہ بشانہ لڑائی میں حصہ لیتا رہا، وہ 10سال تک ایران میں قید بھی رہا،جولائی 2016میں اس نے ایک آڈیو پیغام جاری کیا جس میں شام کے ایک جہادی گروپ النصرہ کی حمایت اور القاعدہ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔دریں اثناءیمن میں سرکاری فوج کے ساتھ جھڑپوں میں حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز کے 40سے زیادہ جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے صوبے الجوف میں المزویہ اور مصلوب گورنریوں میں سرکاری فوج کے ساتھ جھڑپوں میں حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز کے 40سے زیادہ جنگجو ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔ایک فوجی ذریعے کے مطابق حوثی ملیشیا اور اس کے اتحادیوں نے الجوف میں یمنی فوج کی چوکیوں پر حملے کی کوشش کی تھی لیکن انھیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور جوابی کارروائیوں میں حوثیوں کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ادھر یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں واقع جزیرے کمران میں عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں مزید 15 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔قبل ازیں بدھ کو الصلیف اور الخوخہ کے علاقوں میں بھی عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی جس سے9 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ الحدیدہ میں اسپتال ذرائع نے فضائی حملوں میں چوبیس افراد کی ہلاکت اور دسیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یمن ڈرون حملے

ای پیپر دی نیشن