اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے شمالی وزیرستان میں کرم تنگی ڈیم کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں فاٹا اصلاحات پر جمعیت علماءاسلام (ف) کے م¶قف کو نظرانداز کرنے پر وزیراعظم محمد نوازشریف سے گلہ شکوہ کیا اور کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے سے جے یو آئی کو سیاسی طور پر شدید سیاسی نقصان پہنچا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظات دور کئے جائیں گے‘ تاہم مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم پر واضح کر دیا کہ وہ عجلت میں کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جو اتحاد کو نقصان پہنچائے‘ لیکن ہم اپنی اصولی سیاست اور م¶قف پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنے کے حکومتی فیصلہ کے خلاف آئندہ لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے قبائلی جرگہ طلب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو اسلام آباد میں تفصیلی بات چیت کی دعوت دی ہے۔ ٹی وی کے مطابق دونوں رہنما اکٹھے اسلام آباد روانہ ہوئے۔
::کرم تنگی ڈیم کی تقریب میں فضل الرحمنٰ کا وزیراعظم سے گلہ شکوہ
Mar 04, 2017