فساد اور خوف کا دور ختم ہو گیا‘ سیاستدان ادارے مل کر چلیں تو مصیبتوں سے نجات پا سکتے ہیں : نوازشریف

Mar 04, 2017

پشاور+ میر علی+ بنوں (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد اس بات کا اعلان ہے کہ خوف کا دور ختم ہو گیا۔ شمالی وزیرستان میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ خوف اور فساد کا دور ختم ہو چکا۔ الحمدللہ بے یقینی ختم ہو گئی اور امید کا چراغ روشن ہوا۔ شمالی وزیرستان میں کرم تنگی ڈیم کی تعمیر نئے دور کا آغاز ہے۔ جہاں مایوسی کے سوا کچھ نہ تھا وہاں امید کے چراغ روشن ہو رہے ہیں۔ ہمیں امن کیلئے بڑی قربانیاں دینا پڑیں۔ نقل مکانی کا عذاب جھیلنا پڑا۔ جہاں دہشتگردوں کا کنٹرول تھا وہاں کنٹرول لوگوں کے ہاتھ آرہا ہے۔ خطے اور پورے پاکستان کو فتنے سے نجات مل گئی۔ وزےر اعظم نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ہو گا اور محاذ آرائی کی منفی سیاست ترک کرنا ہو گی۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر چلنا ہو گا۔ وزےر اعظم نے کہا کہ فاٹا کیلئے اصلاحات کے پروگرام کا آغاز کر دیا۔ ہمیں اپنا کردار ادا کرنا اور اس منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔ آئندہ کی نسلیں فائدہ اٹھائیں گی۔ قربانیاں رنگ لائی ہیں۔ وزےر اعظم نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کا حصہ رکھا جائے گا۔ آئی ڈی پیز کو اس سال ان کے گھروں میں آباد کیا جائے گا۔ فاٹا کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ ایف سی آر کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر کے معاشی ادارے پاکستان کو ابھرتی معیشت قرار دے رہے ہیں۔ مہنگائی کم ہور ہی ہے۔ وزےراعظم نے کہا کہ شاندار مستقبل ہمارا انتظار کر رہا ہے۔ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختون بھائیوں نے زور بازو سے ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنایا ہے۔ ہم نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت‘ جہالت اور پسماندگی ہمارے مقدر نہیں۔ ہمیں غربت اور جہالت کے خلاف اپنی قوت استعمال کرنی ہے ملک صحیح اور مثبت سوچ سے ہی آگے بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین سے محاذ آرائی کی بجائے اپنی توانائی ترقی پر لگانا ہو گی۔ 2018ءمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ ماضی کا حصہ بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل میں رفتار کی مثال نہیں ملتی۔ سی پیک کے تحت 1200 میگا واٹ بجلی ملے گی فرسودہ سیاست سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ آج منصوبے میرٹ پر اور تیزی سے لگ رہے ہیں۔ آج ملک میں سڑکوں کا جال بچھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سب کو توجہ کی ضرورت ہے آزاد کشمیر میں بھی ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے۔ بھاشا ڈیم کیلئے اراضی کا حصول تقریباً مکمل ہو چکا۔ ہم سارے پاکستان میں ایک جیسی ترقی چاہتے ہیں صوبوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ ان منصوبوں کی طرف توجہ کریں۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو ملک کی ترقی اور اسے مسائل سے نجات دلانے کے لیے حکومت کے ہاتھوں میں ہاتھ دے کر ساتھ چلنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سب ادارے سیاستدان اور سیاسی جماعتیں مل کر ترقی کے لیے آگے بڑھیں تو ساری مصیبتوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ تمام ناہمواریوں کو ختم کرنے کے لئے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالنا ہو گا۔ علاوہ ازیں اس موقع پر پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ کرم تنگی ڈیم منصوبہ توانائی کے شعبہ میں امریکہ کی طرف سے پاکستان کی اعانت اور پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں معاشی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ امریکی عوام، حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر پاکستان کے لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
نواز شریف

مزیدخبریں