خیبر پی کے حکومت کے چینی سرمایہ کار کمپنیوں سے 20 ارب ڈالر کے معاہدے

Mar 04, 2017

ڈےرہ اسماعےل خان (آئی این پی) خیبر پی کے حکومت نے چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ بیس بلین ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کے معاہدہ پر دستخط کر دئیے، انصاف انڈسٹریز کے تعاون سے ہونے والے اس معاہدہ کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک نے کہا کہ آج ہم نے صوبہ کی تاریخ میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو نیا خیبر پختونخواہ فراہم کرنے کا ہم نے جو وعدہ کیا تھا آج کے دن اسکی تعبیر کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبہ میں کرپشن کا خاتمہ کردیا ہے، چین کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کی سرمایہ کار کمپنیوں کو بھی صوبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری صوبہ خیبر پختونخواہ میںسے گذر رہی ہے جس سے اس صوبہ کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے جن منصوبوں پر ہم نے آج دستخط کئے ہیں ان پر جلد ہی کام شروع کیا جائے اس ضمن میں متعلقہ محکمہ جات کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیںکی جائے گی۔ تقریب میں ریسورس انٹرنیشنل کے جنرل منیجر مسٹر گورڈن لی، چائینہ ریلوے کارپوریشن اور دیگرچینی کمپنیوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ قبل ازیں انصاف انڈسٹریز کے سی ای او عبدالباسط جاوید گنڈہ پور نے افتتاحی کلمات میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ، صوبائی حکومت اور چین کی کمپنی ہیریٹیج انٹرنیشنل کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے صوبہ کی تاریخ میں منفرد ترقیاتی منصوبوں کے معاہدہ کو حتمی شکل دی گئی۔

مزیدخبریں