495 لاپتہ افراد کی درخواستیں زیرسماعت‘ لوگ ہمیں بُرا بھلا کہتے ہیں: سندھ ہائیکورٹ

Mar 04, 2017

کراچی (این این آئی) کراچی میں لاپتہ افراد کی تعداد 500 تک پہنچ گئی۔ سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ شہریوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رینجرز اور پولیس سمیت متعدد اداروں سے جواب طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ اراد سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت کراچی میں لاپتہ افراد کی تعداد 500 تک پہنچنے کا انکشاف ہوا۔ ہائیکورٹ نے کثیر تعداد میں شہریوں کے لاپتہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ جسٹس فاروق شاہ نے ریمارکس میں کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق 495 لاپتہ افراد کی درخواستیں ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔ روز لوگ ہمیں بُرا بھلا بول کر جاتے ہیں کہ عدالتیں انصاف نہیں کر رہیں۔ ایسی صورتحال میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے کیا اقدامات کئے جائیں۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ کوئی ایسا میکنزم ترتیب دے جس سے لاپتہ افراد کی بازیابی درخواستوں کی فوری سماعت ہوسکے۔ دلائل کے بعد عدالت نے شہری الطاف، سید نبیل شاہد، شفیق الرحمن اور دیگر کی گمشدگی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے اور 2 ہفتوں میں جواب داخل کروانے کا حکم دیا۔

مزیدخبریں