مسلم لیگ ن کے کام ڈھکے چھپے نہیں‘ ملک سے بجلی‘ گیس کی قلت دور کر دی: وزیراعظم شاہد خاقان

Mar 04, 2018

کہوٹہ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان سے بجلی اور گیس کی قلت دور کر دی گئی ہے، جو منصوبے برسوں سے مکمل نہیں ہوئے تھے ان کو مکمل کیا، نامساعد حالات کے باوجود ملک کی خود مختاری کا سودا کئے بغیر معیشت کو مضبوط کیا، مسلم لیگ (ن) کے کام کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ملک کے طول و عرض میں ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں، 2018ء کے عام انتخابات میں بھی عوام نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو سرخرو کریں گے،راولپنڈی کہوٹہ سڑک کو مانسہرہ سے میرپور تک موٹروے کے منصوبے سے ملایا جائے گا، اس سے پورا علاقہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا ، ہفتہ کو راولپنڈی۔ کہوٹہ سڑک کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اور عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہوٹہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آج کے جلسہ کا اہتمام کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کہوٹہ ان کے لئے نیا نہیں ہے، یہ ان کا اپنا گھر ہے اور انہیں یہاں سیاست میں 30 سال ہو گئے ہیں، یہاں کا کوئی گھر، گائوں اور ڈھوک ایسی نہیں جس کو وہ نہیں جانتے، یہ میرا اپنا گھر ہے۔ انہوں نے کہوٹہ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محبت میری زندگی کا اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بطور وزیراعظم پہلی دفعہ اپنے حلقے میں آیا ہوں، انشاء اللہ مجھے پورا یقین ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی فتح مسلم لیگ (ن) اور میاں محمد نواز شریف فتح حاصل کریں گے، جو کام مسلم لیگ (ن) نے کئے ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، حکومتیں سب نے کی ہیں لیکن کام صرف مسلم لیگ (ن) نے کیا، اس حلقے میں بجلی، گیس، سکول سڑکیں، پانی کی سکیمیں(ن) لیگ نے ہی مکمل کی ہیں، یہی کیفیت پورے پاکستان کی ہے، ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے یہ سڑک مکمل ہو گی، 2008ء میں نواز شریف نے آپ سے جووعدہ کیا تھا وہ آج پورا ہو گیا، آج کہوٹہ کے ہر گائوں میں گیس لگ رہی ہے، بجلی سو فیصد مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہوٹہ میں معیاری یونیورسٹی قائم کی جائے گی، یہ وعدے نہیں ہیں انشاء اللہ اس پر اگلے تین ماہ میں کام شروع ہو جائے گا، سڑک کے کام کا افتتاح کر دیا گیا ہے، یہ سڑک اس علاقے کی معیشت کو بدل کر رکھ دے گی، یہ سڑک صرف یہاں تک نہیں ہے، مانسہرہ سے میرپور تک موٹروے کے منصوبے سے اسے ملایا جائے گا اس سے پورا علاقہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا۔ کہوٹہ کے لڑکیوں اور لڑکوں کے سکول کو ہایئر سکینڈری بنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کہوٹہ میں ہسپتال کے لئے مزید فنڈز دیئے جائیں گے اور اس کو مزید معیاری ہسپتال بنایا جائے گا تاکہ لوگ معیاری طبی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے ہیلتھ کارڈ کادائرہ ضلع راولپنڈی اور کہوٹہ تک وسیع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہوٹہ میں سٹیڈیم بنانے کا بھی اعلان کیا۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہوٹہ روڈ کو دورویہ بنانے کے جس منصوبے کا افتتاح کیا اس کے تحت 28 کلو میٹر سڑک کو دو مرحلوں میں بہتر بنایا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں کاک پل سے تریکھیاں تک 16.5 کلو میٹر سڑک بنے گی جبکہ دوسرے مرحلہ میں تریکھیاں سے کہوٹہ تک 12 کلو میٹر طویل سیکشن کو مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت سہالہ ریلوے کراسنگ پر 4 رویہ پل تعمیر ہو گا۔ سہالہ بائی پاس‘ کہوٹہ بائی پاس کے تین پل بنائے جائیں گے۔ منصوبے میں ایک انڈرپاس اور 50 چھوٹی پلیوں کی تعمیر شامل ہے۔ لاگت کا تخمینہ 12 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

مزیدخبریں