لاہور (سپورٹس رپورٹر) 40 قومی کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل آج بروز اتوار کو واپڈا اور پاکستان ائرفورس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ لاہور میں بارش کے باعث چیمپئن شپ کے دونوں سیمی فائنلز واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے جبکہ فائنل میچ آج نشتر سپورٹس کمپلیکس لاہور کے سائیکلنگ ویلیو ڈروم میں کھیلا جائیگا۔ پہلا سیمی فائنل واپڈا اور ایچ ای سی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان واپڈا نے 23 کے مقابلے 52 پوائنٹس سے کامیابی اپنے نام کی۔ دوسرا سیمی فائنل پاکستان ائرفورس اور سوئی نادرن گیس پائپ لائن ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان ائر فورس نے 29 کے مقابلے 44 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔ چیمپئن شپ کا فائنل آج کھیلا جائیگا جس کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع ہونگے۔