گجرات:مسلم لیگ (ن) کی رہنماء و سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہاہے کہ سینٹ الیکشن میں ن لیگ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز جھکے نہ بکے۔عوام کی عدالت سے نواز شریف کے حق میں فیصلے آ رہے ہیں، مخالفین کو عام انتخابات میں شکست نظر آ رہی ہے ۔جب نواز شریف کو نااہل کیا گیا تو لودھراں سے فیصلہ آیا، صدارت چھینی گئی تو کل سینٹ سے فیصلہ آیا۔ نام چھن جانے کے بعد سینٹ میں سب سے بڑی جماعت بن کرابھری ہے، نئی تاریخ رقم کرنے پرتمام ساتھیوں کو سلام پیش کرتی ہوں ۔گجرات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ ہرایم این اے ، ایم پی اے کو سلام پیش کرتی ہوں کہ آپ نے نئی تاریخ رقم کی ، نہ بکے، نہ دھوکہ دیا اور نہ پیچھے ہٹے ، ہم سب مسلم لیگ ن کے ہررکن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملکی سیاسی تاریخ بدل ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹربننے والے امیدواروں سے ن لیگ کی شناخت چھین لی گئی لیکن جیتنے کے بعد انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی آزادی نوازشریف کے قدموں میں نچھاور کردی، تو آپ کو ن لیگ کا نام ، نشان چھین کر اور نوازشریف کو پارٹی صدارت سے نااہل کرکے کیا ملا؟ اللہ تعالی کو عاجزی پسند ہے ، تکبر نہیں، ۔ان کاکہناتھاکہ ہمیشہ یہ سنتے آئے ہیں کہ لوگ بے گناہی ثابت کرنے کیلئے کبھی قسمیں کھاتے ہیں لیکن یہ کبھی نہیں سنا کہ منصف قسمیں کھاتے پھرتے ہیں، آپ کو عوام اور اللہ کی عدالت میں بھی جواب دینا ہوگا، میرے بھائیوآپ بتائیں، آپ اس نااہلی اور فیصلوں کو مانتے ہو؟ن لیگ کا نام چھیننے کو مانتے ہو؟ نوازشریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کو مانتے ہو؟نوازشریف کے مخالفین کے ماتھوں پر لکھا ہے کہ انہیں 2018کے عام انتخابات میں اپنی شکست نظرآگئی ہے ، یہ بتائیں کہ آف شور کمپنی رکھنے والا اہل ہوگیا، جس کی آف شور کمپنی نہیں نکلی ، وہ نااہل ہوگیا،یادرکھنا جنہوں نے دھاندلی کرکے میچ فکسنگ کرکے فیصلے لیے ہیں، آج انہیں شکست نظرآرہی ہے جس کا ثبوت ہے کہ وہ کل اپنے لوگوں کو بھی ووٹ ڈالنے نہیں آئے ،آپ کو مبارک ہو، انہوں نے شکست تسلیم کرلی ہے۔نوازشریف کو وزیراعظم ہاس سے نکال دیاگیا کہ اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، دنیا میں پہلے الزام ، پھر تفتیش اور سزا ہوتی ہے ، نوازشریف کے انتقام میں اتنی جلدی تھی کہ سزا پہلے سنائی گئی اور تحقیقات بعد میں ہورہی ہیں جس کا تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا کہ نوازشریف پر الزام کیا لگانا ہے ، ایک کے بعد ایک جھوٹا ریفرنس آرہاہے ۔مریم نواز نے کہاکہ آپ سے آپ کا وزیراعظم ، جماعت کا نام ، بلوچستان کی حکومت، پارٹی کے صدر کا عہدہ ، پارٹی کا انتخابی نشان بھی چھین لیاگیا لیکن پھر کیا ہوا؟آپ کو فتح ہوئی، اللہ نے نوازشریف کو سرخروکیا۔ انہوں نے کہاکہ تین دن بعد چھ ماہ مکمل ہونے کو ہیں ، آب تک تمام گواہ اپنے بیان ہمارے حق میں دے کر چلے جاتے ہیں، سب تو جھوٹ نہیں بول سکتے ، ابھی تک الزام کا بھی فیصلہ نہیں ہوسکا، نوازشریف کروڑوں دلوں میں بستا ہے ۔ مریم کاکہناتھاکہ موٹروے، میٹروبس، سی پیک سمیت پاکستان کے ہربڑے منصوبے میں نوازشریف اور شہبازشریف کا نام آتاہے ، پاکستان کی ترقی سے وہ نام نہیں مٹایاجاسکتا۔ نوازشریف نے اقتدار میں آکر ملک سے اندھیرے مٹائے ۔ نوازشریف آج بھی ڈٹ کر کھڑا ہے ، آپ بھی وعدہ کریں کہ نوازشریف کا ساتھ دو گے ۔