اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات عمر چیمہ نے کہا ہے کہ پرویز رشید کی جانب سے قومی و ریاستی اداروں کو نیچا دکھانے کی کوششیں نئی نہیں، بھارت کا جنگی جنون کامیابی سے خاک میں ملانا پرویز رشید کو نہایت ناگوار گزرا ہے۔ اتوارکویہاں جاری بیان میں پرویز رشید کے بیان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ پرویز رشید برصغیر کو تباہ کن جوہری جنگ سے محفوظ رکھنے کی حکومتی کوششوں پر بھی شدید ناراض ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی ہواباز ابھی نندن کی رہائی کے وزیراعظم کے فیصلے کی پوری دنیا میں پذیرائی ہوئی ، پرویز رشید کو شدید اعتراض ہے کہ سول و عسکری قیادت کے مابین مثالی ہم آہنگی کیونکر پیدا ہوئی، انہوں نے کہاکہ پرویز رشید کو برا لگتا ہے جب وزیر اعظم ہاؤس سے "ڈان لیکس" جیسی شرانگیزیاں نہیں کی جاتیں، پرویز رشید ناراض ہیں کہ مودی کو نجی تقریبات میں بلوا کر قومی سلامتی کے اداروں پر حملوں کا سلسلہ کیوں منقطع ہوا۔ انہوں نے کہاکہ قوم جانتی ہے کہ مودی اور جندال نواز شریف کی خارجہ پالیسی کے ستون اور "ڈان لیکس" ہتھیار تھے، پرویز رشید صاحب پاکستان بدل چکا آپ بھی اپنے طرزِ سیاست پر غور فرما لیجئے۔انہوں نے کہاکہ کامیاب خارجہ پالیسی کے نتیجے میں بھارتی غرور کی پامالی پر افسردہ ہونے کی بجائے اللہ رب العزت کا شکر ادا کریں اور مادرِ وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے اور سفارتی و حکومتی سطح پر ٹھوس طرز عمل اپنانے پر ریاستی و حکومتی اداروں کی تحسین کریں۔
بھارتی جنگی جنون خاک میں ملانا پرویز رشید کو ناگوار گزرا: عمر چیمہ
Mar 04, 2019