نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی کے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ سے بچائو کا واحد آپشن صرف مذاکرات ہیں‘ بھارت کو یہ سمجھنا چاہئے کہ اسے پاکستان کے ساتھ ہمیشہ اور مستقل رہنا ہے‘ ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ معاملات کو حل کرنا ایک پیچیدہ عمل ضرور ہے۔ پی چدمبرم نے اتوار کو ایک بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ سے بچائو کا واحد آپشن صرف مذاکرات ہیں ۔ بھارت کو یہ سمجھنا چاہئے کہ اسے پاکستان کے ساتھ ہمیشہ اور مستقل رہنا ہے۔ ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ معاملات کو حل کرنا ایک پیچیدہ عمل ضرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں صورتحال بہت تیزی کے ساتھ تبدیل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے ہم اپنے دوستوں کو تو بدل سکتے ہیں تاہم اپنے ہمسائیوں کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ دور حکومت میں بھی دونوں ممالک کے مابین کشیدہ صورتحال جنگ تک پہنچ چکی تھی تاہم جنگ سے گریز کیا گیا۔ جنگ دونوں ممالک کے مابین مسائل کا حل نہیں ہے۔