اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ بلیو ایریا اسلام آباد کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے لیکن کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی عدم توجہ کی وجہ سے متعدد مسائل کا شکار ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے اور ایم سی آئی سے مطالبہ کیا کہ وہ بلیو ایریا میں انڈرپاس اور کارپارکنگ سمیت دیگر مسائل حل کرنے کی کوشش کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلیو ایریا کی آل ٹریڈرز ویلفیئرایسوسی ایشن کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر یوسف راجپوت کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا اور اپنی مارکیٹ کے مسائل سے چیمبر کے عہدیداران کو آگاہ کیا۔ احمد حسن مغل نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر بلیو ایریا کی تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے میں ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی ، آل ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ، بلیو ایریا کے صدر یوسف راجپوت اور سیکرٹری جنرل راجہ حسن اختر، فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی، فیڈریشن کے چیف کوآرڈینیٹر ملک سہل حسین، پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ کے صدر چوہدری ندیم الدین، مرکزی انجمن تاجراں اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔