لاہور (سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میںایک اننگز اور 52رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ۔ بنگلہ دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 429رنز بناکر آئوٹ ہو گئی ۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 234رنز بنائے تھے جبکہ فاتح ٹیم نے پہلی اننگز 6وکٹوں پر 715رنز بناکر ڈکلیئر کر دی تھی ۔ بنگلہ دیش کی طرف سے دوسری اننگز میںسومیہ سرکار نے 149اور کپتان محموداللہ نے 146رنز بنائے ۔ سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے ۔ ٹرینٹ بولٹ نے پانچ ‘ٹم سائوتھی نے تین اور ویگنر نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ کین ولیم سن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔