بھارتی جارحیت پر پاک فوج دندان شکن جواب دیگی‘ جمعہ خان مری

Mar 04, 2019

ماسکو( آن لائن ) اورسیز پاکستانی بلوچ یونیٹی کے سربراہ ڈاکٹر جمعہ خان مری نے اعلان کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کیخلاف جارحیت کا ارتکاب کیا تو بھارت کو پاک افواج کی طرف سے دندان شکن جواب ملے گا اور مری قبائل کے نوجوان بھی مادر وطن پاکستان کے دفاع کی خاطر پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اپنے خون کا آخری قطرہ تک پیش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اووسیز پاکستانی بلوچ یونیٹی کے قیام کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ماسکو میں منعقد ہونیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اووسیز پاکستانی بلوچ یونیٹی کے زیراہتمام دوسری تقریب دوبئی میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے قونصل جنرل مہمان خصوصی تھے۔ماسکو میں منعقد ہونیوالی تقریب میں ڈاکٹر جمعہ خان مری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے تنخواہ دار مٹھی بھر غداروں کی وجہ سے بلوچ قوم کا مستقبل برباد نہیں ہونے دیا جائیگا ، گوادر پورٹ اور سی پیک کے منصوبے بلوچستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کے منصوبے ہیں جنہیں ناکام بنانے کیلئے بی ایل اے کے دہشت گرد اپنے بیرونی آقا?ں کے اشاروں پر کھیل رہے ہیں اور معصوم بلوچوں کو ورغلا کر پاک چائنہ اقتصادی ر اہداری کے عظیم منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے شرپسندی کرنے کی ناپاک حسارت کرنے کے درپے ہیں مگر اب بلوچ نوجوان ان کے ناپاک عزائم کو پوری طرح سمجھ چکے ہیں ، اس لیے وہ ان سے لا تعلقی اختیار کرکے پاکستان کیساتھ اپنی وفاداری کے اعلانات کر رہے ہیں۔ تقریب سے ملک شہباز، چوہدری زاہد اور اشتیاق ہمدانی نے بھی خطاب کیا جبکہ بلوچستان کے سینیٹر انوارالحق کاکڑ اور پاکستان میں اووسیز پاکستانی بلوچ یونیٹی کے وائس چیئرمین خدابخش مری کے ویڈیو پیغامات بھی سنائے گئے۔ ماسکو میں تعینات پاکستان کے سفیر قاضی محمد خلیل اللہ نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر جمعہ خان مری اور ان کی تنظیم کی موجودہ حالات میں پاکستان کیلئے گراں قدر خدمات اور پاک فوج کیساتھ غیر مشروط تعاون کے اعلانات کو سراہتے ہوئے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حکومت اور پاک افواج کی قیادت کی سوچ پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب کے آغاز پر پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا تو تقریب کے تمام شرکائ￿ نے کھڑے ہوکر اور مل کرپاکستان کا ترانہ گایا اور قومی ترانہ کے اختتام پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے گئے۔بلوچ رہنمائوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کا شہری ہونے پر فخر ہے اور وہ پاکستان کی بقاء وسلامتی اور دفاع کیلئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک پیش کرنیکا جذبہ بھی رکھتے ہیں۔ بلوچ دفاع پاکستان کی خاطر ہر محاذ پر پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے اور حکومت پاکستان کے احکامات پر عمل پیرا رہیں گے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے قونصل جنرل امجد علی خان نے قیام پاکستان کیلئے بلوچ قوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائد محمد علی جناح بلوچ قوم سے والہانہ محبت کرتے تھے اور انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام بھی بلوچ سرزمین زیارت میں ہی گزارے ، اس لیے بلوچ قوم کے نوجوانوں سمیت تمام بلوچوں کو پاکستان سے وفاداری کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بیرونی قوتوں کے آلہ کاروں کے بلوچ اور پاکستان دشمن ایجنڈے کو ناکام کرنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے بلوچ قوم کے افراد کو دعوت دی کہ وہ 23 مارچ کو یوم قرار داد پاکستان کی قومی تقریبات میں بھی شریک ہوں۔

مزیدخبریں