بھارت کو پاک فضائیہ کے دندان شکن جواب نے دنیا میں ذلت کا تماشا بنا دیا: سراج الحق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کودرپیش خطرات کے پیش نظر جماعت اسلامی اور قبائل پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انضمام کا مقصد قبائلی عوام کو ریلیف دینا تھا لیکن حکومت اپنے کیے گئے وعدوں سے مکر گئی اور قبائلی عوام کو گوناگوںمسائل سے دوچار کرلیا۔جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے قیام کیلئے کوشاں ہے۔ قبائل ملک میں مکمل اسلامی نظام کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دورہ باجوڑ کے موقع پر جماعت اسلامی باجوڑ کے شعبہ تعلقات عامہ کے صدر سراج الدین خان کی جانب سے دیئے گئے اعزازیہ کے موقع پر قبائلی عمائدین سے خطاب کے موقع پر کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ ہندوستان کی جارحیت کے خلاف قبائلی عوام کا پاک فوج اور ملک کی سالمیت کیلئے جذبہ قابل دید تھا۔ ہندوستان کے جانب سے کشمیر میں کئی دہائیوں سے جاری بربریت دنیا پر عیاں ہوچکی ہے اب ان کی جانب سے حملہ اور حملے کے نتیجے میں پاک فضائیہ کی جانب سے دندان شکن جواب نے انہیں ذلت و رسوائی کا تماشہ بنادیا ۔امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی عوام کو انضمام کے ثمرات نہیں مل سکے کیونکہ موجودہ حکومت اپنے کیے گئے وعدوں سے مکر گئی ہے اور انضمام کو قبائلی عوام کیلئے وبال جان بنا دیا گیا ہے۔ سابقہ تمام ادارے ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ صوبائی حکومت قبائلی عوام کو سینے سے لگانے سے گریزاں ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قبائلی اضلاع کی ترقی پر مکمل ترجیح دے اور ترجیحی بنیادوں پر قبائلی اضلاع میں تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں کام کرے۔ انہوں نے قبائلی عمائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہ ہماری جماعت کا اصل منشور ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ آپ سب اپنی قوم کے مشران ہیں ۔آپ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے اسلامی اور فلاحی پاکستان میں اپنا کردار ادا کریں ۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مدرسہ احیا العلوم خار میں منعقدہ ختم بخاری کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت بھی کی اور طلبہ سے خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن