کوروناوائرس،دنیاکے ممالک کی لوگوں کو ہاتھ نہ ملانے اور گلے نہ ملنے کی ہدایت

Mar 04, 2020

اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)) دنیا بھر کے ممالک نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر لوگوں کو آپس میں ملاقات کے موقع پر ہاتھ نہ ملانے اور گلے نہ ملنے کی ہدایت کی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں 3000 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جس پر چین نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے یا گلے ملنے کی بجائے اپنے دونوں ہاتھوں کو ملا کر خوشی کا اظہار کریں، وہ روایتی طریقے سے اپنی مٹھی کو دوسرے ہاتھ کی ہتھیلی پر مار کر بھی دوسرے شخص کو ’’ہیلو‘‘ کہہ سکتے ہیں۔ فرانس کے ماہرین نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کام کرنے کی جگہ پر دوسرے لوگوں سے ملنے کے لیے صرف ایک دوسرے کی آنکھوں میں دیکھ سکتے ہیں۔نیز لوگ ملاقات کے موقع پر ایک دوسرے کا بوسہ لینے سے مکمل طور پر گریز کریں۔ برازیل کی وزارت صحت نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک دوسرے کی کھانے کی استعمال اشیاء استعمال نہ کریں۔ جرمنی کے وزیر داخلہ نے پیر کو جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے ساتھ ملاقات میں ہاتھ ملانے کی بجائے اپنے دونوں کو ہاتھوں کو ملا کر خوشی کا اظہار کیا جس کے بعد جرمن چانسلر نے ہوا میں ہاتھ ہلایا۔ نیوزی لینڈ کے کچھ تعلیمی اداروں میں ہوںگی کے نام سے پہنچانی جانے والی مائوری روایت کو ترک کر دیا ہے جس میں 2 افراد ملاقات کے وقت اپنی ناک ایک دوسرے کے ساتھ دباتے تھے لیکن اب مائوری گانا گا کر ایک دوسرے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور قطر نے اپنے شہریوں کو ناک سے ناک ملا کر ملنے کی روایت کو روکنے اور ہاتھ ملانے اور بوسہ نہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف ہاتھ ہلا کر ایک دوسرے ملیں۔ رومانیہ نے موسم بہار کے آغاز میں منائے جانے والے مارٹیسور تہوار کے موقع پر ایک دوسرے کو پھول اور بوسہ دیا جاتا ہے لیکن حکومت نے تہوار کے ومقع پر صرف پھول دینے پر اکتفا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایران کے شہری کورونا وائرس کو روکنے کے لیے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے کی بجائے ایک دوسرے کے پائوں سے پائوں ملا کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں

مزیدخبریں