عمران خان نے نوازشریف کو لندن بھیجا،این آراو دے کراب رونا نہ روئیں:بلاول

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو واپس لانے کی کوششیں حکومت کی منافقت، ڈرامے بازی نہیں چلے گی۔ وزیراعظم کو کسی کرپشن کیس میں دلچسپی نہیں، صرف کٹھ پتلی راج برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان قوم کے سامنے رونا مت روئیں۔ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ نواز شریف مجرم ہیں۔ اگر مجرم تھے تو کیوں بھاگنے دیا؟ حکومت کی بڑی متنازع پالیسی ہے۔ واپس لانے کی کوشش حکومت کی منافقت ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب حکومت میں تھے تو پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتے تھے۔ اس وقت ان کی حکومت نہیں، مجھے ان کی مخالفت کا کوئی فائدہ نہیں۔ تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے۔ حکومت کو عوام کی مرضی کے مطابق ریاست چلانے پر مجبور کریں گے۔

امریکا طالبان معاہدے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان معاہدے کے پورے عمل پر تحفظات ہیں۔ لگ رہا ہے کہ امریکا کا پورا فوکس الیکشن ہے۔ امید رکھتے ہیں کہ امن معاہدے سے مثبت نتیجہ نکلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو تنقید برداشت کرنی چاہیے۔ مثبت تنقید بغاوت یا غداری نہیں ہوتی۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت جو عوام کی جنگ لڑ رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن