چیئرمین فشرمین سوسائٹی کے گھر پر حملہ، بریک نہ لگنے پر بمپر دروازے پر لگا: نبیل گبول

کراچی (این این آئی، آئی این پی، نیٹ نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھر پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد معاملے کی وضاحت کر دی۔ اپنے بیان میں نبیل گبول نے کہا کہ گاڑی کا بریک نہ لگنے پر بمپر دروازے پر لگا، چوکیدار سو ر ہا تھا تو اس کی بندوق اٹھائی، خدشہ تھا کہ وہ گھبرا کر فائر نہ کر دے اس لیے بندوق کو انَ لوڈ کرنے کی کوشش میں غلطی سے گولی چل گئی۔ نبیل گبول نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین فشریز کوآپریٹو سوسائٹی پر کرپشن کے الزامات ہیں اور ان پر بنایا گیا مقدمہ جھوٹا ہے۔ نبیل گبول نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری بھی حاصل کر لی۔ عدالت نے نبیل گبول کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت سے ضمانت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ عوامی مسائل پر بات کرنے عبدالبر کے گھر گیا تھا۔ چیئرمین فشرمین سوسائٹی عبدالبر کے گھر پر حملے کے کیس میں کراچی کے سیشن جج جنوبی نے 14 مارچ تک نبیل گبول کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔ علاوہ ازیں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل امجدساقی نے نبیل گبول کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان بار کونسل نے سینئر وکیل لطیف کھوسہ کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نبیل گبول اور ان کے ساتھیوں نے لطیف کھوسہ کے کراچی آفس پر حملہ کیا۔ حکومت سندھ و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کا نوٹس لیں۔

ای پیپر دی نیشن