کرونا: عمرہ زائرین پر پابندی 31 مارچ تک بڑھادی گئی، اولپمکس گیمز، یورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ خطرے میں

Mar 04, 2020

اسلام آباد‘ کراچی ‘بیجنگ‘ ووہان ‘سیول‘ واشنگٹن‘ کولمبو‘ کوپن ہیگن‘ تہران‘ کینبرا‘رباط‘کیف (نمائندہ خصوصی‘نوائے وقت رپورٹ‘ سٹاف رپورٹر‘ ایجنسیاں) دنیا بھر میں چین کے صوبہ ہوبے سے پھیلانے والے نوول کرونا وائرس کا بحران شدت اختیار کرنے لگا، پاکستان میں مزید ایک کیس سامنے آنے کے بعد کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد5ہوگئی جس کے بعد حفاظتی انتظامات مزید بڑھا دیئے گئے، چین میں کرونا وائرس کے باعث مزید 31افراد ہلاک اور 125نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2943 اور متاثرہ افراد کی تعداد80 ہزار 151ہوگئی جن میں سے 6ہزار 806 افراد کی حالت بدستور تشویشناک ہے ،ایران میں 23ارکین پارلیمنٹ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اوروبا سے77 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ،یوکرائن میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیاجبکہ امریکہ میں بھی 91مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، جمہوریہ کوریا میں 8مزید ہلاکتوں کے بعد کرونا سے مجموعی ہلاکتیں 26 اور مزید599 مصدقہ کیسزسامنے آنے کے بعد ملک میں مریضوں کی تعداد 4ہزار335 ہوگئی، ڈنمارک کے 5 لاکھ شہریوںکے کووڈ19-سے متاثر ہونے کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے، سری لنکا نے اٹلی،ایران اورجمہوریہ کوریا سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان کردیا جبکہ آسٹریلوی وزیراعظم نے جمہوریہ کوریا اور اٹلی کیلئے سفری پابندیوں کا عندیہ دیدیا ،چلی نے انسداد وائرس کے تجربہ سے سیکھنے کیلئے طبی ٹیم چین بھیجی اسلامی تنظیم کا کووڈ-19 کے علاج یا ویکسین کیلئے 2 لاکھ امریکی ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، بھارت نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے اٹلی، جمہوریہ کوریا، ایران اور جاپان کے شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیئے۔ چین کے محکمہ صحت کے مطابق چینی مین لینڈ پر پیر کو نوول کرونا وائرس کے 125نئے مصدقہ مریض سامنے آگئے ہیں جبکہ مزید31 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ قومی صحت کمیشن کے مطابق تمام ہلاکتیں صوبہ ہوبے میں ہوئیں۔کمیشن نے کہا کہ اسی دوران 129 نئے مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔سوموار کے آخر تک چینی مین لینڈ پر مصدقہ کیسز کی تعداد 80 ہزار 151ہوگئی۔ سوموار کے آخر تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ میں 2 ہلاکتوں سمیت 100مصدقہ کیسز، مکاؤ خصوصی انتظامی علاقہ میں 10 مصدقہ کیسز جبکہ تائیوان میں ایک ہلاکت سمیت 41 مصدقہ کیس سامنے آئے ہیں۔ ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک نیا کیس رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں کووڈ -19 کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ ظفر مرزا نے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ نئے مصدقہ پانچویں مریض کی حالت بہتر ہے اور اس کی پوری دیکھ بھال ہورہی ہے تاہم انہوں نے مریض کے حوالے سے مذید تفصیلات نہیں بتائیں۔ اسلام آباد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز (پمز) کے ذرائع نے بتایا کہ وائرس کا نیا متاثرہ مریض ایک 45 سالہ خاتون ہے جس کا تعلق ملک کے گلگت بلتستان علاقہ سے ہے، جو کہ پمز میں زیر علاج ہے۔ ایران کی وزارت صحت وطبی تعلیم نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ ایرن میں نوول کورونا وائرس کی وبا سے77 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ ایران میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد2ہزار336 ہے اور پیر سے اب تک835 نئے کیسز کااضافہ ہوا جبکہ وائرس سے متاثرہ کل افراد میں سے77 ہلاک ہوگئے ہیں۔دریں اثناء ایرانی پارلیمنٹ کے نائب چیئرمین عبدالرضا مسری نے منگل کونامہ نگاروں کو بتایا کہ مجموعی طور پر 23 ایرانی قانون ساز وبائی کرونا مرض سے متاثر ہوئے ہیں۔ جمہوریہ کوریا میں پیر کو کووڈ19 کے مزید599 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں مریضوں کی تعداد 4ہزار335 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد26 ہوگئی ہے۔8 مزید ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 26 ہوگئی ہے،19 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ امریکہ کے بیماریوں پر قابو پانے اور روکنے کے مرکز(سی ڈی سی)نے سوموار کو اعلان کیاہے کہ ملک میں اس وقت کووڈ19- کے91 مریض ہیں جو کہ ایک دن پہلے کی نسبت 60کیسز زیادہ ہیں۔امریکہ میں موجود تمام مریضوں میں سے 2 ہلاک ہوگئے ہیں۔ادھر ڈنمارک میںکووڈ19کے - مصدقہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی جس پر محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں بدترین صورتحال کی صورت میں 5لاکھ سے زائد ڈینش شہری نوول کرونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کرونا وائرس کے باعث عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا پر سعودی عرب جانے پر پابندی 16دن تک بڑھا دی گئی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سرکلر کے مطابق پابندی کی میعاد 31مارچ تک بڑھائی گء ہے اس سے قبل عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا پر 15 مارچ تک پابندی لگائی گئی تھی۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی(آئی او سی) ٹوکیو اولمپکس کو محفوظ بنانے کیلیے سر جوڑ کر بیٹھ گئی ، لوزان میں خصوصی اجلاس طلب کرلیا۔ٹوکیو اولمپکس کا آغاز 24 جولائی سے ہوناہے ،گیمز کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں لیکن دنیا پھر میں پھیلنے والے کرونا وائرس کے باعث اولمپک گیمز کے لیے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔'یورو کپ' کے انعقاد میں اب محض 100دن باقی ہیں لیکن دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس سے اب اولمپکس مقابلوں کیساتھ ساتھ یورو کپ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔ رواں سال 12جون سے 12 جولائی تک یورپ کے 12 شہروں میں شیڈول ٹورنامنٹ میں 24یورپی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اٹلی میں فٹبال لیگ سیریز اے کے تمام میچز کو تاحکم ثانی منسوخ کردیا گیا ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں بھی مارچ کے اختتام تک ملک میں شیڈول فٹبال کی لیگز کے تمام مقابلوں کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ فیفا کے صدر فیانی انفینٹینو نے کہا کہ کسی بھی شخص کی صحت فٹبال کے میچ سے کہیں زیادہ اہم ہے۔فٹبال ایسوسی ایشن آف ویلز کے چیف ایگزیکٹو جوناتھن فورڈ نے کہا کہ امید ہے کہ اس وائرس پر قابو پا لیا جائے گا اقوام متحدہ کے سنٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ نے دنیا بھر اور خاص طور پر وہ ممالک جن کا طبی نظام کمزور ہے میں کرونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کے لئے ایک کروڑ پچاس لاکھ امریکی ڈالر کی مالی امداد فراہم کی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق عالمی ادارہ صحت اور یونیسف مذکورہ امداد کو استعمال میں لا کر لازمی مہم چلائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے انچارج برائے انسانی ہمدردی امور مارک نے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء کی روک تھام اور کنڑول کے لئے ابھی دیر نہیں ہوئی ہے۔ مختلف ممالک نے کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر لوگوں کو آپس میں ملاقات کے موقع پر ہاتھ نہ ملانے اور گلے نہ ملنے کی ہدایت کی ہے۔ چین نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے یا گلے ملنے کی بجائے اپنے دونوں ہاتھوں کو ملا کر خوشی کا اظہار کریں، وہ روایتی طریقے سے اپنی مٹھی کو دوسرے ہاتھ کی ہتھیلی پر مار کر بھی دوسرے شخص کو ’’ہیلو‘‘ کہہ سکتے ہیں۔ فرانس کے ماہرین نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کام کرنے کی جگہ پر دوسرے لوگوں سے ملنے کے لیے صرف ایک دوسرے کی آنکھوں میں دیکھ سکتے ہیں۔ نیز لوگ ملاقات کے موقع پر ایک دوسرے کا بوسہ لینے سے مکمل طور پر گریز کریں۔ برازیل کی وزارت صحت نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک دوسرے کی کھانے کی استعمال اشیاء استعمال نہ کریں۔ جرمنی کے وزیر داخلہ نے پیر کو جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے ساتھ ملاقات میں ہاتھ ملانے کی بجائے اپنے دونوں کو ہاتھوں کو ملا کر خوشی کا اظہار کیا جس کے بعد جرمن چانسلر نے ہوا میں ہاتھ ہلایا۔ نیوزی لینڈ کے کچھ تعلیمی اداروں میں ہوںگی کے نام سے پہنچانی جانے والی مائوری روایت کو ترک کر دیا ہے جس میں 2 افراد ملاقات کے وقت اپنی ناک ایک دوسرے کے ساتھ دباتے تھے لیکن اب مائوری گانا گا کر ایک دوسرے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور قطر نے اپنے شہریوں کو ناک سے ناک ملا کر ملنے کی روایت کو روکنے اور ہاتھ ملانے اور بوسہ نہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف ہاتھ ہلا کر ایک دوسرے ملیں۔ رومانیہ نے موسم بہار کے آغاز میں منائے جانے والے مارٹیسور تہوار کے موقع پر ایک دوسرے کو پھول اور بوسہ دیا جاتا ہے لیکن حکومت نے تہوار کے ومقع پر صرف پھول دینے پر اکتفا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایران کے شہری کرونا وائرس کو روکنے کے لیے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے کی بجائے ایک دوسرے کے پائوں سے پائوں ملا کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیںعالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ اوکے مطابق کورونا وائرس کے پھیلا کے پیش نظر دنیا کو ایک 'غیر یقینی خطرے' کا سامنا ہے۔ ایک رپورٹ میںعالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ وائرس'نیا' ہے لیکن درست اقدامات سے اس کے پھیلا کو روکا جا سکتا ہے۔ عالمی سطح پر اس وائرس سے اموات کی تعداد 3000 سے تجاوز کر گئی ہے جن میں زیادہ تر چینی باشندے شامل ہیں۔ تاہم گذشتہ روز کے اعداد و شمار کے مطابق چین کی نسبت دیگر ممالک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد میں نو گنا اضافہ ہوا ہے۔ہم اس وائرس کو شکست دے سکتے ہیں۔کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کے خدشہ کے پیش نظر اسلام آباد میں 300 بستروں پرمشتمل جدید کیورنٹائن سینٹر قائم کر دیا۔ چین، ایران اور کرونا وائرس کے متاثرہ دیگر ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو پندرہ روز کیلئے اس عارضی قیام گاہ میں رکھا جائے گا۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق دنیا بھر میں کروانا وائرس کی وجہ پیدا ہونے والی ایمرجنسی کے پیش نظر کیورنٹائن سنٹر کا قیام ہنگامی بنیادوں پر ایک ہفتہ میں مکمل کیا گیا ہے۔ علاوہ این ڈی ایم اے نے بیس ملین روپے کی لاگت سے کرونا وائرس کے مریضوں کی شناخت کرنے والے تین جدید سکینر بھی حاصل کیے ہیں۔سکینرز مختلف ائرپورٹس پر نصب کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں اور صوبوں کو بھر پور کردار کرنا ہو گا، صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، چمن بارڈر پر سکریننگ کے نظام کو مزیز موثر اور مضبوط بنایا جارہا ہے ، تمام ہوائی اڈوں اور زمینی راستوں پر سکریننگ ہورہی ہے۔ منگل کو ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کروانا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس ہوا جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی اداری صحت پاک فوج کے نمائندے اور دیگر ماہرین نے شرکت کی ۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس ٹیسٹنگ کے لئے 5ہزازکٹس کی خریداری کا حکم دیاہے جبکہ حکومت سندھ نے ہنگامی صورت میں وائرس کے خلاف حفاظتی انتظامات کرنے کے لیے 10 کروڑروپے جاری کردیئے ہیں ۔ سید مراد علی شاہ وزیراعلی ہائوس میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جب پہلا کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا تو انہوں نے اجلاس منعقد کرنا شروع کیے اور اپنے تحت ٹاسک فورس تشکیل دی۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو ہفتوں میں ایران سے 2535 زائرین واپس آئے واپس آنے والوں میں 1213 زائرین کا پتہ نہ چل سکا۔ دوسری طرف سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے سلسلے میں ایف آئی اے سے مدد مانگ لی ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ جعلی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف ایف آئی اے کارروائی کرے امریکی مرکزی بینک نے شرح سود میں 50 بیس پوائنٹس کی کمی کر دی یو ایس فیڈ کے مطابق کرونا وائرس سے معاشی سرگرمیوں کو خطرہ ہے۔ ایران میں کرونا وائرس سے بڑھتی ہوئی ہلکتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایرانی پراسیکیوٹر جنرل نے ماسک کے ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص ذخیرہ اندوزی میں ملوث پایا گیا تو اسے پھانسی دی جائے گی ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پراسیکیوٹر جنرل نے وزیر صحت سعید نمکی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صحت عامہ میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کرنیوالے کے افراد کسی ہمدردی کے مستحق نہیں اگر شخص اس مکروہ فعل میں ملوث پایا گیا تو وہ پھانسی کا سزاوار ہے اور اسے فوری سزائے موت سنائی جائے گی۔ برطانوی وزیر صحت میٹ بنکاک کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی بدترین وبا کی صورت میں پانچ لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں ایک بیان میں برطانوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس وبا کی صورت اختیار کر چکا ہے۔

مزیدخبریں