عمران نے خود نوازشریف کو لندن بھیجا، این آر او کر نہ روئیں: بلاول

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں حکومت کی منافقت، ڈرامے بازی نہیں چلے گی۔ وزیراعظم کو کسی کرپشن کیس میں دلچسپی نہیں، صرف کٹھ پتلی راج برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ عمران خان قوم کے سامنے رونا مت روئیں۔ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ نواز شریف مجرم ہیں۔ اگر مجرم تھے تو کیوں بھاگنے دیا؟۔ حکومت کی بڑی متنازعہ پالیسی ہے۔ واپس لانے کی کوشش حکومت کی منافقت ہے۔ نواز شریف جب حکومت میں تھے تو پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتے تھے، اس وقت ان کی حکومت نہیں، مجھے ان کی مخالفت کا کوئی فائدہ نہیں، تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں گے۔ مہنگائی ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے۔ حکومت کو عوام کی مرضی کے مطابق ریاست چلانے پر مجبور کریں گے۔ افغان معاہدے کے پورے عمل پر تحفظات ہیں۔ لگ رہا ہے کہ امریکہ کا پورا فوکس الیکشن پر ہے۔ امید رکھتے ہیں کہ امن معاہدے سے مثبت نتیجہ نکلے گا۔ حکومت کو تنقید برداشت کرنی چاہیے۔ مثبت تنقید بغاوت یا غداری نہیں ہوتی۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت جو عوام کی جنگ لڑ رہی ہے۔ حکومت کی نااہلی کے باعث این جی اوز کارکردار محدود ہو گیا۔ این جی اوز فلاحی کاموں میں مصروف ہیں۔ حکومت این جی اوز اور سول سوسائٹی کو بھی قابو میں رکھنا چاہتی ہے۔ ریاست کو مختلف آوازوں اور رائے کو برداشت کرنا چاہئے‘ دبانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ مثبت تنقید حکومت کو صحیح راستہ دکھانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ سب محب وطن پاکستانی ہیں۔ عمران خان نے خود نواز شریف کو لندن بھیجا اب قوم کے سامنے جھوٹ نہ بولیں۔ دوسری جانب آصف زرداری کی جانب سے عورت مارچ کی حمایت کی گئی ہے۔ سابق صدر نے عورت مارچ کی حمایت کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ خواتین مارچ کو تحفظ اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ پیپلزپارٹی خواتین مارچ کی مکمل حمایت کرتی ہے اور پیپلزپارٹی خواتین کے حقوق کی ضمانت ہے۔ پیپلزپارٹی شہید بھٹو اور شہید بی بی کے فلسفے پر ثابت قدم ہے۔ شہید محترمہ کا کردار خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔ بختاور زرداری اور آصفہ زرداری خواتین کی طاقت ہیں۔ خواتین کو کمزور اور کم تر سمجھنے کی سوچ کو شکست ہوگی۔ معاشرے میں خواتین کے برابری کے حق کو تسلیم کرنا ہوگا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج لاہور کے مقامی ہوٹل میں پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے زیراہتمام ’’جوائنٹ لیبر کنونشن‘‘ سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن