لاہور(چودھری اشرف) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے پہلی فتح کا مزا چکھ لیا۔ لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپیئن کوئٹہ کو 37 رنز سے شکست دی۔ بین ڈنک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانیوالے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا۔ سکور 36 پر پہنچا تو فخر زمان15رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 49 کے سکور پرکرس لین27رنز بناکر محمد حسنین کی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے فواد احمد کا شکار ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ لاہور قلندرز کے 100 رنز 13.3 اوورز میں مکمل ہوئے۔ بین ڈنک نے اپنی نصف سنچری 28 گیندوں پر 5 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔سمیت پٹیل نے 31 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ بین ڈنک اور سمیت پٹیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں155 رنز بنے۔ 205 کے سکور پرسمیت پٹیل کی گری جو 40 گیندوں پر 9 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر بین کٹنگ کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اننگز کی آخری گیند پر بین ڈنک 93 رنز بنا کر بین کٹنگ کی گیند پر احسن علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ بین ڈنک نے 43 گیندوں کا سامنا کیا جس میں تین چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے۔ سہیل اختر بغیر کسی سکور کے ناٹ آوٹ رہے۔ لاہور قلندرز نے5 وکٹوں پر 209 رنز بنائے۔ بین کٹنگ نے دو، محمد حسنین، فواد احمد اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 210 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے جیسن روئے اور شان واٹسن نے 28 رنز بنائے۔ سمیت پٹیل نے جیسن روئے کو 12 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ آوٹ کر دیا۔ 39 کے سکور پراحسن علی دو رنز بناکر دلبر کا شکار ہوئے۔ کپتان سرفراز احمدکو 9 کے انفرادی سکور پر سمیت پٹیل نے محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔ 53 کے ٹوٹل پر دلبر نے شین واٹسن کو بین ڈنک کے ہاتھوں آوٹ کرا دیا۔ 79 کے ٹوٹل پر اعظم خان 12 رنز بنا کر سلمان ارشاد کا شکار ہوئے۔محمد نواز 24 رنز بناکر محمد فیضان کی گیند پر دلبر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔انور علی صرف چار رنز بنا کر فیصان کی گیند پر حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ بین کٹنگ 27 گیندوں پر 3 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے زیادہ 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں محمد فیضان نے حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔ فواد حسین 13 رنز بناکرسلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈہوئے۔ 172 کے ٹوٹل پرٹیم آوٹ ہو گئی‘نسیم شاہ7 رنز بنا کر سلمان ارشاد کا شکار ہوئے۔ سلمان ارشاد نے چار جبکہ محمد فیضان، دلبر حسین اور سمت پٹیل نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ بین ڈنک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔