پاکستان کو کرپشن کے کرونا نے کھوکھلا کیا، بدعنوانوں کو عبرت کا نشان بنا دینگے: عثمان بزدار

Mar 04, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اراکان قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ 5گھنٹے طویل ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے بھی غورکیاگیا۔ وزیراعلیٰ ارکان اسمبلی کی تجاویز خود نوٹ کرتے رہے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ اراکان قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ان کے علاقوں میں ترقیاتی کام ہوںگے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے پہلی بارحقیقی معنوں میں 35فیصد فنڈز مختص کیے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا وعدہ پورا کیا جائے گا۔ مظفر گڑھ میں فلڈ پروٹیکشن بند بنائیںگے۔ وزیراعلیٰ نے راجن پور، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان اورلیہ میںجرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ بڑے جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ پولیس مظلوم کی دادرسی کویقینی بنائے۔ پولیس اورانتظامی افسروں کو فری ہینڈ دیا ہے ۔ مجھے صرف رزلٹ چاہیے۔ پنجاب میں میرٹ کویقینی بنایا ہے۔کسی کو میرٹ کی خلاف ورزی کرنے دی ہے، نہ کرنے دوںگا۔ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں گندم خریداری مہم کا آغاز پنجاب کے دیگر شہروں سے پہلے کیا جائے۔ عثمان بزدار نیمیونسپل کمیٹی روجھان میں بے ضابطگیوں کے معاملے کی انکوائری کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی نشاندہی کریں۔ کرپٹ عناصر کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔ عثمان بزدار نے لاہور میں صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن رات کام کرکے شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ سڑکوں اور گلیوں سے کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے۔ لاہور صاف ستھرا نظر آنا چاہیئے اور شہریوں کو صفائی کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔ عثمان بزدار نے فیض پور انٹرچینج کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں کو کرپشن کے’’ کورونا وائرس‘‘ نے کھوکھلا کیا۔ کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کا سرفہرست ایجنڈا ہے۔ ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کے باعث عوام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رہے۔کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں آج بچے بچے کی زبان پر ہیں۔ پاکستان کو آگے لے جانا کا واحد راستہ ہر سطح سے کرپشن کا خاتمہ ہے اور کرپٹ عناصر کے بے لاگ احتساب سے ہی پاکستان اپنی اصل منزل حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کیا ہے اور موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ سب سے شفاف حکومت ہے۔

مزیدخبریں