پی ایس ایل: اسلام آباد یونائٹیڈ نے لاہور قلندرز کو ہرا دیا 

لاہور(چودھری اشرف) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سترویں میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ ٹیم نے لاہور قلندرز کو 71 رنز سے شکست دیدی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والی لاہور قلندرز ٹیم کی اسلام آباد کے خلاف بیٹنگ اور باولنگ دونوں ناکام ہو گئیں۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز سکور کیے۔ جواب میں لاہور قلندر کی پوری ٹیم 127 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز ٹیم کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد کی جانب سے کیونک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے میچ کے آغاز سے ہی جاحانہ انداز اپنایا اور 11.1 اوورز میں پہلی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر دی۔ اس موقع پر لیونک رونکی 31 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر سمیت پٹیل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ ان کا ساتھ دینے والے کولن منرو نے اپنی نصف سنچری سکور مکمل کی۔ منرو نے اپنے پچاس رنز 32 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مکمل کیے۔ نئے کھلاڑی شاداب خان ان کا ساتھ دینے کے لیے آئے تھے لیکن وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور سات رنز بنانے کے بعد محمد فیضان کا شکار ہو گئے۔ ان کا کیچ بھی سمیت پٹیل نے لیا۔ 159 کے ٹوٹل پر اسلام آباد کی تیسری وکٹ انگرام کی گری جو 29 رنز بنانے کے بعد سلمان ارشاد کی گیند پر وکٹ کیپر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اسلام آباد ٹیم نے مقررہ بیس اوورز کے کوٹہ میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز سکور کیے۔ کولن منرو 87 اور محمد آصف 20 کے سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے باولنگ میں محمد حفیظ، محمد فیضان اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے کرس لین اور سلمان بٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ لاہور کی پہلی وکٹ بغیر کسی سکور کے گری جب لاہور قلندرز کے کرس لین اسلام آباد کے ڈیل سٹین کی گیند پر رومان رئیس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ لاہور قلندرز کو دوسرا نقصان بھی جلد اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ 10 رنز بنا کر عاکف جاوید کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ لاہور کے پچاس رنز 7.3 اوورز میں بنے۔ بین ڈنک 21 اور سلمان بٹ 17 کے سکور پر ناٹ آوٹ تھے۔ 57 کے ٹوٹل پر لاہور کو تیسرا نقصان بین ڈنک کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب اسلام آباد ٹیم کے کپتان شاداب خان نے بین ڈنک کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا کے پویلین کی راہ دکھائی۔ بین ڈنک نے چار چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ لاہور کی چوتھی وکٹ سلمان بٹ کی گری جو 21 رنز بنانے کے بعد ظفر گوہر کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ کوئٹہ کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرنے والے سمیت پٹیل صرف 6 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار ہو گئے۔ 69 کے ٹوٹل پر لاہور قلندرز کی پانچ وکٹیں گرنے پر سٹیڈیم میں موجود لاہور قلندرز کے شائقین کرکٹ نے مایوس ہو کر گھروں کو جانا شروع کر دیا۔ لاہور کی چھٹی وکٹ محمد فیضان کی گری۔ وہ بھی صرف 6 رنز بنا سکے اور ظفر گوہر کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ 87 کے ٹوٹل پر لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر بھی 8 رنز بنا کر ظفر گوہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ سہیل اختر نے رویو بھی لیا لیکن قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔ لاہور کی آٹھویں وکٹ بھی 87 کے سکور پر گری جب پرسانا 8 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ 89 کے سکور پر نویں وکٹ بھی گر گئی جب سلمان ارشاد اسلام آباد کے رومان رئیس کے ہاتھوں کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ لاہور قلندر کی پوری ٹیم 127 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ دسویں وکٹ کی شراکت میں عثمان شنواری اور دلبر حیسن کے درمیان دسویں وکٹ کی شراکت میں 38 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ عثمان شنواری نے 30 جبکہ دلبر حسین 8 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے باولنگ میں ظفر گوہر اور رومان رئیس نے تین تین، شاداب خان نے دو جبکہ ڈیل سٹین اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ای پیپر دی نیشن