گلیڈی ایٹرز پہلے بیٹنگ کر کے جیت گئی کنگز نے بھی میدان مار لیا

Mar 04, 2021

لاہور (نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 22 رنز سے شکست دے دی۔ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے ہرا دیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان کو جیت کیلئے 177 رنز کا ہدف دیا جو تاہم ملتان کی ٹیم 19.4 اوورز میں 154رنز بنا سکی۔ ملتان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد کوئٹہ نے اچھا آغاز ملنے کے باوجود اننگز کے درمیان میں وکٹیں کھو دیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی یہ رواں ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایونٹ کے ابتدائی 14ویں میچ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب پی ایس ایل 6 میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے کوئی میچ جیتا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپنر قیس احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مقررہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز محمد رضوان اور جیمز ونس نے پر اعتماد انداز اپنایا اور اپنی ٹیم کو 63 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ جیمز ونس نے 4 چوکوں کی مدد سے  24 رنز  بنائے۔ کوئٹہ کے سپنر قیس احمد نے 21 رنز کے عوض 3 جبکہ محمد حسنین اور زاہد محمود نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیل سٹین اور محمد نواز نے بھی ایک ایک وکٹ  اپنے نام کی۔ اْدھر ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنا ڈیبیو کرنے والے کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان بیٹسمین عثمان خان نے متاثرکن کھیل کا مظاہرہ کیا اور عمران طاہر سمیت حریف ٹیم کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے 50 گیندوں پر81 رنز کی اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز کے نوجوان پیسر شاہ نواز دھانی نے 44 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عمران طاہر نے دو جبکہ سہیل خان اور عمران خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پی ایس ایل 6 کے 13ویں میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 189رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ بابر اعظم نے ناقابل شکست 77رنز کی اننگز کھیلی اور محمد نبی 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جو کلارک 17 رنز بنا سکے، کولن انگرام بھی 3 رنز پر ہمت ہار گئے، ڈینئل کرسٹیئن 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ثاقب محمود نے دو، محمد عمران اور محمد عرفان ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے ایک سو نواسی رنز کا ہدف دیا تھا۔ آخری اوورز میں عماد بٹ نے 7  گیندوں پر ستائیس رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ عباس آفریدی اور محمد الیاس نے دو دو جبکہ ڈینئل کرسٹیئن نے ایک شکار کیا۔

مزیدخبریں