لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام نے اپوزیشن کی منفی سیاست کو یکسر رد کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم والے عوام میں بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں۔ مایوس اپوزیشن نے ہر قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے۔ شفاف الیکشن کی مخالفت کرنے والوں کی اصلیت ایک ویڈ یو سے قوم کے سامنے آچکی ہے۔ 22 کروڑ عوام اپوزیشن عناصر کے دوغلے چہروں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اور پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ اپوزیشن نے اڑھائی برس میں ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو زک پہنچائی۔ عملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر ہے اور صفر ہی رہے گی۔ اپوزیشن نے اہم قومی امور پربھی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ عوام کے سامنے بلند بانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس نہ کوئی حکمت عملی ہے اور نہ ہی انہوں نے عوام کے لئے کچھ کیا ہے ۔ تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار آج 4 مارچ کو جیلانی پارک میں جشن بہاراں 2021 کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار آرٹ اینڈ کرافٹ ولیج کا دورہ کریں گے۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام جشن بہاراں 23مارچ تک جاری رہے گا۔