اسلام آباد (نا مہ نگار)وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ہدایت پر وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای)نے کورونا وبا کے باعث تعلیمی اداروں میںتعلیمی سر گرمیوں میں آنے والے خلا کو پر کرنے کے لئے تشکیل کردہ طویل اور قلیل المدت پالیسی پر عملدر آمد کے لئے تمام پر نسپل صا حبان سمیت ایریا ایجوکیشن افسران کا مراسلہ بھیج دیا ہے، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے باعث تعلیمی حرج کو ہر صورت پورا کیا جائے گا، تشکیل کردہ قلیل المدت پالیسی کے تحت تعلیمی اداروں میں زیرو پیریڈ متعارف کرایا جائے گاتاکہ زیادہ سے زیادہ کورس ورک مکمل کیا جا سکے، اگر تعلیمی حرج زیادہ ہے تو چھٹی والے روز یعنی اتوار کو بھی تعلیمی سر گرمیاں جاری رکھی جا سکتی ہیں، آن لائن نظام تعلیم کو اپنایا جائے گاجبکہ ڈیجیٹل پورٹل کو بھی متعارف کرایا جائے گا ، پورٹل کی مدد دے کمپیو ٹر لیبز کا استعمال کیا جاسکے گا، اگر اساتذہ کی کمی ہے تو آن لائن نظام کے تحت بھی کورس ورک مکمل کرایا جائے گا، پالیسی کے تحت اگر کسی طالبعلم کو ابتدائی تصورات کو سمجھنے میں دشواری ہے تو اس کے لئے طالبعلموں کا گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ طویل المدتی پالیسی دو ہزار تئیس کے تحت طالبعلم موسم گرما کی تعطیلات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے منصوبہ بندی کے تحت پڑھیں گے، اساتذہ بھی ہر اکیڈیمک سال کے پہلے ہفتے میں تیاری مکمل کرتے ہوئے کمزور طالبعلموں پر توجہ دیں گے، مانیٹرنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا جس کے تحت طالبعلموں کی جانچ پڑتال کی جاتی رہے گی۔