شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ کے صدر فیضان شفیق خان ، جنرل سیکرٹری سیٹھ عظیم اور انجمن تاجران پرانا اڈہ لاریاں کے صدر چوہدری ارشد چھرااور جنرل سیکرٹری شیخ عبدالحمید نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے معیشت بحال ہورہی ہے اور روزگارکے مواقع بھی روز بروز بڑھ رہے ہیں موجودہ حکومت حقیقی معنوں میں تاجر برادری کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے ہوئے جو نہایت خوش آئند اور ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کی بنیاد ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد اسحاق مٹھو، انعام الحق، عبدالرحمن ، چوہدری شہزاد احمد ورک اور قاسم خان بلوچ و دیگر رہنمائوں کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف سازشیں کرنیوالے ذہن نشین رکھیں کہ عوام کو دھوکہ نہیں دیا جاسکتا وہ جانتے ہیں کون سچا اور کون جھوٹا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کی حکومت کے نظر انداز کئے گئے غریب طبقات کو احساس پسماندگی سے باہر نکال کر ان میں پائی جانیوالے احساس محرومی کو احساس برتری میں تبدیل کردیا ہے۔