محکمہ تحفظ جنگلی حیات وپارکس کے زیراہتمام ورلڈ وائلڈ لائف ڈے پر تقریب

لاہور(خصوصی نامہ نگار) 10بلین ٹری سونامی پروگرام گرین پاکستان پروگرام کے تحت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب  نے صدر دفترمیں ورلڈ وائلڈلائف ڈے بھرپور انداز سے منایا ۔ صدر دفتر لاہور کو ورلڈ وائلڈ لائف ڈے کی نسبت سے مختلف تصاویری اور تحریری پیغامات پر مشتمل پینا فلیکسز اور سٹریمرزسے آراستہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب سید طاہررضا ہمدانی نے کہاکہ ہرسال 03 مارچ کویہ دن منانے کامقصد عام لوگوں میں جنگلی حیات کی اہمیت اجاگرکرنی ہے تاکہ وہ جنگلی جانوروں اورپرندوں سے پیار کریں اورا ن کے تحفظ اورفروغ کیلئے محکمہ کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں ۔ جنگلی حیات کے غیرقانونی شکاراورناجائز تجارت کی بھرپور حوصلہ شکنی کریں ۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے محکمہ میں اصلاحات کاعمل تیزی سے جاری ہے اور محکمہ کی استعداد کار بڑھانے اورجدیدسائنسی طریقوں سے جنگلی جانوروں کے سروے اور آبادی کے تعین کیلئے تربیتی ورکشاپس و دیگر ذرائع بروئے کارلائے جارہے ہیں ۔ اس موقع پرپراجیکٹ ڈائریکٹر گرین پاکستان پروگرام محمد انورمان نے کہا کہ صوبہ بھرمیں گرین پاکستان پروگرام کے تحت مختلف سیکٹرزمیں جنگلی حیات کے وسائل کی بہتری کیلئے تیزی سے کام ہورہاہے ۔ہیڈ بلوکی کے مقام پر نیچر ریزرواور آڑا بشارت اور خیری مورت میں نئے نیشنل پارکس بنائے جارہے ہیں ۔گزشتہ دنوں گرین پاکستان پروگرام ہی کے تحت افسران کی جنگلی حیات کے فیلڈ سروے کی سائنسی بنیادوں پرتربیت کیلئے منعقدکی گئی ورکشاپ بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن