غریب عوام کی دولت لوٹ کر ان پیسوں سے سینٹ کی ایک سیٹ خرید کر اس پر جشن منانے والے مردہ ضمیر ہیں: مراد سعید

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے سینیٹ الیکشن میں نوٹوں کا بھر پور استعمال کیا، غریب عوام کی دولت لوٹ کر ان پیسوں سے سینٹ کی ایک سیٹ خرید کر اس پر جشن منانے والے مردہ ضمیر ہیں،سیاست ایک گھناونا کاروبار ہے جس میں ملوث عناصر عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ کی اکثریتی جماعت بن چکی ہے، وزیر اعظم عمران خان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کا موقف ایک دفعہ پھر درست ثابت کرنے کے لئے قوم کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن کو این آر او دینے سے انکار کیا اور احتساب کا نعرہ بلند کیا جس پر تمام کرپٹ ٹولہ اکٹھا ہو گیا ہے۔  مراد سعید نے کہا کہ قوم کا پیسہ سندھ میں کمیشن اور کرپشن کے لئے استعمال کیا گیا جس کا انہیں جواب دینا ہو گا۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ این آر او لیگ کی کرپشن ، غنڈہ گردی ، اغواکاری قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے اب انہیں لوٹ مار اور کرپشن کا جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کیا اس کے بعد بھی کرپٹ ٹولہ روز بھاشن دے گا ؟

ای پیپر دی نیشن