لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ تیل، ٹماٹر اور آٹا ہر چیز مہنگی ہوگئی ہیں ‘ پیٹرول ابھی سستا ہے لیکن ہو سکتا ہے پھر قیمت بڑھ جائے، پر اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں عمران خان حکومت کے خلاف ہوں۔ ماضی میں گراؤنڈز بہت تھے اور بلڈنگز کم ہوا کرتی تھیں، اب نرسریاں اور گراؤنڈز کم ہو گئے، گراونڈ کی فیس بڑھا دی گئی، کرکٹ کا سامان بھی مہنگا ہوگیا ہے، تیس ہزار روپے کی صرف ہیلمٹ ہے تو یہ کہاں سے خریدیں لوگ۔پیٹرول سستا ہوگیا لیکن شاید دوبارہ قیمت بڑھ جائے، اب تو ٹماٹر، آٹا ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، میں عمران خان کی حکومت کے خلاف نہیں ہوں، جب چیزیں مہنگی ہونے لگی تو چھوڑ دیں۔ مجھے جگہ دیں میں اکیڈمی بناؤں گا، جو پیسے دے سکتا ہے ان ہی سے مانگیں گے ہر کسی سے نہیں،میرے اپنے بچے فٹبال کھیلتے ہیں، میں ایک آرم ریسلر کیلئے بھی سپانسر ڈھونڈ رہا ہوں، اگر کھلاڑی کو سپانسر نہ ملا تو میں خود پیسے خرچ کروں گا، پہلے زمانے میں محلے کے چاچے مامے خالی جیب کے باوجود کرکٹ کو سپورٹ کرتے تھے۔سابق اولمپک باکسنگ ریفری علی اکبر شاہ نے کہا کہ کھیلوں کو گزرتے وقت کیساتھ جھٹکے لگ رہے ہیں، جتنے بھی لوگ سپورٹس منسٹری میں موجود ہیں وہ ایک لفظ بھی نہیں جانتے، کراچی نے کھیلوں کے نامور کھلاڑیوں کو جنم دیا ہے، جھنڈے کیلئے اب کم کھلاڑی کھیلتے ہیں، اصل مقصد پیسہ کمانا ہوگیا ہے۔ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین نے کہا کہ حقدار کو حق دلانا ہوگا، یونس خان جیسے محنتی کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا، کھیلوں کا انفرا سٹرکچر درست کرنے کی ضرورت ہے، گراؤنڈ آباد کرنے کیلئے بچوں کا حوصلہ بڑھانا ضروری ہے۔ انھوں نے شکوہ کیا کہ کرکٹ نے تمام کھیلوں کو دبا دیا ہے، اس کھیل میں ٹیلنٹ سمیت پیسہ بہت ہے، لیکن دیگر کھیلوں میں اگر سپانسرشپ لائی جائے تو ٹیلنٹ اجاگر کیا جا سکتا ہے۔
مہنگائی بڑھ گئی‘عمران حکومت کے خلاف نہیں : یونس خان
Mar 04, 2022