لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہا ہے کہ اتنی بڑی ہانڈی چڑھی ہے کچھ تو نکلے گا۔ اگلے اڑتالیس گھنٹوں سے متعلق تو مولانا فضل الرحمان ہی بتا سکتے ہیں۔ صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ کا بھی وزیراعظم عمران خان کو گھبرانا نہیں ہے کا پیغام ہے؟ جس پر چودھری پرویز الٰہی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہانڈی میں سامان چلا گیا، دھواں اٹھنے کے بعد پہلا ابالا آتا ہے، پہلا ابالا آ جائے پھر آپ کو بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ وزیراعظم نے مہنگائی کی روک تھام کے لیے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں، پٹرول کی قیمت میں کمی سے بہت فائدہ ہو گا، بجلی کی قیمتیں بھی نیچے آئی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی اور صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے پیپل ہاؤس کے اے بلاک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپل ہاؤس کے اے بلاک کی تعمیر سے ارکان اسمبلی کو لاہور میں معیاری رہائش میسر ہو گی۔ سنگ بنیاد کے موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر تعمیراتی اداروں کو ہدایت دی کہ تعمیر میں خوبصورتی اور معیار کو مدنظر رکھا جائے اور اسے رواں سال مکمل کیا جائے۔
عمران گھبرائے نہیں اپوزیشن کی بڑی ہانڈی چڑ ھی ہے کچھ نکلے گا: پرویز الہی
Mar 04, 2022