پی پی مینا ر پاکستان جلسہ کرے، حکومت ، پیپلز پارٹی کا نا صر باغ پر اصرار

Mar 04, 2022

لاہور (احسان شوکت سے) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پرسوں 6 مارچ کو لاہور میں ناصر باغ میں جلسے کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی مارچ 6مارچ کو لاہور میں داخل ہو گا اور بلاول بھٹو زرداری ناصر باغ میں جلسہ کریں گے۔ حکومت کی جانب سے پاکستان پیپلزپارٹی کو ناصر باغ میں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ انہیں کہا گیا ہے کہ وہ مینار پاکستان جلسہ کریں، مگر پیپلز پارٹی نے حکومتی فیصلہ ماننے سے انکار کردیا ہے۔ حکومت کا کام سکیورٹی فراہم کرنا ہے، وہ اپناکام کرے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کی جانب سے مارچ کے استقبال اور بلاول کے جلسے کی بھرپور تیاریاں کررہی ہے۔ عوامی مارچ، 5مارچ کو لاہور کے داخلی راستے پر ملتان روڈ مراکہ میں بحریہ ٹاؤن کے داخلی راستے کے قریب قیام کرے گا جبکہ مانگا منڈی میں خصوصی استقبالیہ کیمپ لگا دیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو بحریہ ٹاؤن میں بلاول ہاؤس میں قیام کریں گے۔  پیپلز پارٹی نے لاہور میں ان کے استقبال اور جلسے کو کامیاب بنانے کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں اور عوامی مارچ کے سلسلے میں 12رکنی مینجمنٹ کے علاوہ 6مختلف کمیٹیاں، 18رکنی استقبالیہ کمیٹی، 12رکنی سیکورٹی کمیٹی، 12رکنی میڈیا کمیٹی، 16رکنی سوشل میڈیا کمیٹی،19رکنی ٹرانسپورٹ کمیٹی اور 8رکنی لیگل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ لاہور میں 25مقامات پرکیمپ لگا کر لوگوں کو جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کے علاوہ لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو عوامی مارچ کے حوالے سے متحرک کرنے کے لئے مہم چلائی جارہی ہے۔  شہر میں پیپلز پارٹی کے 4ڈسٹرکٹ اور 30 زونزکے علاوہ پی وائے او، الائیڈ اور دیگر ونگز علیحدہ علیحدہ جلوس اور ریلیوں کی شکل میں ناصر باغ جلسے پر پہنچیں گے۔  بلاول بھٹو زرداری اور مارچ کے استقبال کے لئے گھوڑوں کا رقص پیش کرنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ناصر باغ پنڈال میں آج جمعہ سے سٹیج، کرسیاں،ساؤنڈ سسٹم و جلسے کا دیگر سامان نصب کرنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ 

مزیدخبریں