اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی کے اینٹی سب میرین یونٹ نے بھارتی آبدوز کی پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بحریہ کے اینٹی سب میرین یونٹ نے یکم مارچ کو جدید ترین ’’کلوری کلاس بھارتی آبدوز‘‘ کو روکا اور ٹریک کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر آبدوز کی ویڈیو فوٹیج شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ہونے والا چوتھا واقعہ ہے، اس طرح کی کوششوں کو ناکام بنانا پاکستان نیوی کی صلاحیت اور پاکستان کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے عزم کی عکاس ہے۔ بیان میں میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی بحریہ نے اپنی آبدوز کو پاکستان کے خلاف مذموم مقاصد کے لیے تعینات کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک بار پھر مسلسل چوکس و ہوشیار رہتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے پاکستان نیوی نے ملک کی بحری حدود میں داخل ہونے کی بھارتی آبدوز کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال اور پاک بحریہ کی جاری مشق سیز پارک۔22 کے دوران بھارتی یونٹ کے پاکستان کے سمندری علاقے میں جاسوسی اور مشق کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے کا امکان متوقع تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس لیے سخت نگرانی اور سخت چوکسی کے طریقہ کار کو نافذ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نیوی کے اینٹی سب میرین وار فیئر یونٹ نے آگے بڑھ کر یکم مارچ کو جدید ترین بھارتی آبدوز ’’کلوری‘‘ کو قبل از وقت روکا اور ٹریک کیا۔ اس سے قبل اس طرح کا آخری واقعہ اکتوبر 2021 میں سامنے آیا تھا جب پاک بحریہ نے ایک بھارتی آبدوز کو پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روکا تھا۔ دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی پاکستان کے بری، بحری اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ بھارت نے 3 مارچ پاکستان کے گہرے پانیوں میں پانچویں دفعہ مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے، ہم ایک پر امن ملک ہیں ہم نے ان کو مارا نہیں وارننگ دی تاکہ وہ واپس چلی جائے۔ کل ہم نے ان کو متنبہ کیا کہ ‘‘اینف از اینف‘‘۔ ہم نے کل بھارت کو آخری بار وارننگ دی ہے، اب ہمارے پانیوں میں آئے تو ہم سے گلہ نہ کرنا، کوئی پاکستان کے بری، بحری اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ہم عظیم فوج کا عظیم ملک؛ پاکستان ہیں۔