اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کینیا کی دفاعی افواج کے حکام کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعاون کے بارے میں وسیع پیمانے پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کیبنٹ سیکرٹری وزارت دفاع یوجین لوڈووک وامالوا، چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل رابرٹ کیریوکی کیبوچی، کوئیپٹن کمانڈر کینیا آرمی لیفٹیننٹ جنرل والٹر آر ، کمانڈر کینیا ایئر فورس میجر جنرل جان موگاروائی اور کمانڈر کینیا نیوی میجر جنرل جمسن لونگیرو متائی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں سکیورٹی اور دفاعی تعاون کے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ موجودہ دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے اور بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کینیا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ کینیا کے حکام نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلی پیشہ ورانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام بالخصوص افغانستان میں امن کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔ قبل ازیں کینیا ڈیفنس ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔