حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی،نامہ نگار)برٹش کونسل کے زیر اہتمام انٹر نیشنل سکولز ایوارڈز جیتنے والے حافظ آباد کے 9 سکولوں کے اعزاز میں قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشن ڈویلپمنٹ(قائد) کے زیر اہتمام تقریب مقامی ہال میں ہوئی ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حامد ناصر گورائیہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال بابر ،پی ایس ڈائریکٹر جنرل قائد لاہور محمد اقرار اسلم ،ڈسٹرکٹ ہیڈ قائد و پرنسل گورنمنٹ ہائی سکول مد ینہ کالونی سید محمد ظہیر شاہ سمیت محکمہ تعلیم کے افسران ،ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان ،اساتذہ،ڈسٹرکٹ بار کی صدر میڈم خالدہ شاہد اور معززین نے تقریب میں شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حامد ناصر گوارئیہ کا کہنا تھا کہ حافظ آباد کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ دنیا بھر کے سکولوں کے مابین ہونے والے مقابلہ میں ہمارے ضلع کے نو سکولوں نے حصہ لیا اور تمام نو سکولوں نے انٹر نیشنل ایورڈ جیتا۔ سی ای او ایجوکیشن نے بہترین کارکردگی پر قائد کے ڈسٹرکٹ ہیڈ سید محمد ظہیر شاہ اور ماسٹر ٹرینرز عمر فاروق اور عاصمہ مستنصر کے لیے گولڈ میڈل کا بھی اعلان کیا ۔اس موقعہ پر انٹر نیشنل ایوارڈ جیتنے والے سکولوں میں 15ہزار سے 50ہزار روپے انعام اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔