کراچی ( نیوز رپورٹر)تنظیم الاعوان سندھ پاکستان کے وائس چیئرمین زاہد اعوان نے پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی سیاسی شعبدہ بازی ہے، مہنگائی کم کی جائے، ایک مہینے میں دو بار پیٹرول مہنگا کرکے 10روپے کم کرنے سے کوئی تبدیلی نہیں آئیگی،صبح بجلی مہنگی کرکے شام کو سستی کرنے کا اعلان سیاست چالبازی کے سوا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پہلے مہینے میں ایک بار پیٹرولیم قیمتوں میں ردوبدل ہوتا تھا لیکن تبدیلی سرکار نے لوٹ مار کیلئے مہینے میں دو بار قیمتیں بڑھانے کا وطیرہ اپناکر عوام کو شدید اذیت سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پیٹرولیم قیمتیں 160روپے تک پہنچا کر 10روپے کم کرکے قوم پر کوئی احسان نہیں کررہے۔ قیمتوں میں کمی محض سیاسی شعبدہ بازی اور چالبازی ہے، پہلے صبح بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا اور شام کو کمی کا اعلان کرکے قوم کو بیوقوف بنادیا۔ گیس بحران سے بے حال قوم پر ایل پی جی مہنگی کرکے قوم کو مزید زندہ درگور کرنیوالے قیمتوں میں کمی کی نئی چال سے عوام کو بہلانے کے بجائے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کریں اور مہنگائی کو کنٹرول کریں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔