لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کے لئے دائر متفرق درخواست پر حکم جاری کیا ہے کہ پی ایس ایل کا اگلا سیزن گرین پی ایس ایل ہونا چاہیئے۔ اس بابت اقدامات کے لئے پی سی بی کے چیئرمین کو جوڈیشل کمشن سے ملاقات کرنی چاہئے۔ عدالت نے میٹرو اورنج لائن ٹرین کے گرد گرین بیلٹ لگانے اور سندر سٹیٹ کے گرد صاف پانی کے پلانٹ نصب کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔ فاضل جج نے تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت آئندہ ہفتہ تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے شاہکام فلائی اوور کی تعمیر اور مذکورہ احکامات سے متعلق پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ شہری ہارون فاروق کی متفرق درخواست کی سماعت کے موقع پر جوڈیشل واٹر کمشن کی طرف سے سید کمال حیدر ایڈووکیٹ نے 128 ویں پیش رفت رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ گورمے فوڈز کو نوٹس دیا تھا اب انہوں نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا لیا ہے۔ ڈیڑھ برس بعد صنعتی ادارے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانا شروع ہوئے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم میں سیوریج سسٹم اور پانی بچانے کے یونٹ کیلئے پی سی بی میٹنگ میں نہیں آ رہا۔ قذافی سٹیڈیم کے علاقے میں برساتی پانی کو محفوظ بنانے کیلئے کوئی سٹوریج ٹینک بنایا گیا ہے؟ جوڈیشل واٹر کمشن کی طرف سے بتایا گیا کہ قذافی سٹیڈیم میں واٹر سٹوریج ٹینک بنانے کیلئے پی سی بی نہیں مان رہا، اورنج لائن ٹرین کا مثبت استعمال کرنا چاہئے۔ اورنج لائن ٹرین کا فائدہ لیکر سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد کم ہونی چاہئے۔ چنگ چی رکشے ٹریفک بندش کی بڑی وجہ ہیں، چنگ چی رکشے غیر رجسٹرڈ اور غیر محفوظ سواری ہے۔ ایل ڈی اے کی طرف سے صاحبزادہ مظفر، ڈائریکٹر ٹیپا وقار اسلم پیش رفت رپورٹ سمیت پیش ہوئے تو فاضل جج نے کہا کہ ٹریفک کا سسٹم اب کافی بہتر ہو چکا ہے۔ درخواست گزاروںکا مئوقف ہے کہ حکومت سموگ کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کر رہی۔
ہائیکورٹ، سموگ
تدارک سموگ درخواستیں، پی ایس ایل کا اگلا سیزن گرین ہونا چاہئے: لاہور ہائیکورٹ
Mar 04, 2022