قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کا اجلاس، چاربل مؤخر کردیئے گئے

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیئرمین ریاض فتیانہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قانون و انصاف کمیٹی اجلاس میں رکن اسمبلی محسن داورڑ کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانے کیلئے پیش کردہ ترمیمی بل پر سیکرٹری قانون نے آگاہ کیا کہ وزارت قانون و انصاف نے پشاور ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد 20 سے بڑھا کر 30 کرنے کی سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کردی ہے۔ وزارت قانون نے ججز کی تعداد  بڑھانے کیلئے پشاور ہائی کورٹ و وفاقی وزرات خزانہ سے بھی منظوری لے لی ہے، سیکرٹری قانون نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ہائی کورٹس میں ججز کی تقرری صدارتی آرڈرز کے ذریعے کی جاتی ہے اس کیلئے آئین میں ترمیم کی ضرورت نہیں۔محسن داورڑ نے کہا کہ اگر وزارت قانون نے کرنا یوتا تو چار سال میں  کرچکے ہوتے۔کمیٹی میری پیش کردہ بل کو منظور کرے۔ کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ اگر وزارت قانون نے سمری ارسال کی ہے تو ہم آئندہ اجلاس تک بل کو موخر کرتے ہیں اگراس دوران سمری منظور ہوجاتی ہے تو ٹھیک ورنہ ہم بل پر غور کریں گے۔ رکن قومی اسمبلی غلام دستگیر خان اور عبدالقادر پٹیل کی اجلاس میں غیر حاضری کیوجہ سے بل کو مؤ خر کردیا گیا  ۔
چاربل مؤخر

ای پیپر دی نیشن