ملتان( نمائندہ خصوصی) واساکے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ قیصر رضا نے سیوریج منصوبوں کی تکمیل کے دوران ہاؤس کنکشن کاکام کروانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں تمام ڈپٹی ڈائریکٹر ز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ کو اپنی اپنی حدود میں تمام جاری بڑی سکیموں میں فوری طور پر ہاؤس کنکشن کاعمل شروع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ آئندہ نئی سکیموں کی تیاری اور ان کے تخمینہ لاگت میں ہاؤس کنکشن کے اخراجات بھی شامل کرنے کا حکم دیا گیا یہ احکامات انہوں نے گذشتہ روز سیوریج اور ڈسپوزل اسٹیشن ڈویڑنوں کے افسران کے اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیے انہوں نے کہا کہ واسا کاکام شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل کا مکمل طور حل دینا ہے نہ کہ ان کی گلیوں، علاقوں اور راستوں کی مشکلات میں اضافہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ سیوریج کا کنکشن ڈائریکٹ مین ہول میں نہیں ہوگا سیوریج لائن کے ڈالنے یا اس کی تبدیلی کے وقت متعلقہ کنٹریکٹرحوضی کی تعمیر عمل میں لائے گا اور اس مین ہول کے نزدیکی دو سے تین گھروں کا سیوریج کنکشن حوضی کے ذریعے مین ہول کی تعمیر کے دوران سسٹم سے منسلک کیا جائے گا تاکہ اس گلی کے رہائشی گلی یا سڑک کی تعمیر کے بعد اپنا سیوریج کنکشن کرنے کے لئے ٹف ٹائل یا اسفالٹ کے ساتھ ساتھ مین ہول کو نہ اکھاڑیں۔