صدر مملکت نے پشاور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جامع مسجد امامیہ ، قصہ خوانی بازار ، پشاور میں دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ڈاکٹرعارف علوی نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کی ، شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی اور زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں مسجد میں دھماکا ہوا جس میں 30 افراد شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں دھماکا مسجد کے اندر نماز شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہوا جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں، دھماکے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ریسکیو کی ٹیموں نے امدادی کارروائی شروع کردی ہیں، ریسکیو 1122 کی 15 ایمبولینسز موقعے پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 40 کے قریب زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی توعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بیشتر شدید زخمی ہیں، زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے باعث ایل آر ایچ میں ریڈ الرٹ اضافی طبی عملے کو بلایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی، بعدازاں حملہ آور نے خود کو اڑا لیا۔