نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) مودی سرکار کے تمام جھوٹے پروپیگنڈا اور دعووں کے باوجود نئی دہلی میں منعقد ہونے والی جی 20 کانفرنس بری طرح ناکام ہوگئی۔ بھارت کو عالمی سطح پر ایک اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ دنیا کے 19 امیر ترین ممالک اور یورپی یونین پر مشتمل گروپ جی 20 کے وزرائے خارجہ کا نئی دہلی میں منعقد اجلاس بری طرح ناکام ہوگیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جی 20 اجلاس کو اپنی تشہیر کے لیے استعمال کرنا چاہا تاہم امریکی اور روسی وزرائے خارجہ کے سرد مہر رویے کے باعث انہیں ناکامی ہوئی۔ مودی سرکار کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری نہ ہوسکا اور اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ اجلاس میں شریک متعدد وزرائے خارجہ نے نئی دہلی میں بیٹھ کر روس اور یوکرائن جنگ کے معاملے پر دوہری پالیسی اپنانے والے بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اجلاس میں روس، امریکا اور چین کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔